ْبلاول بھٹو کو نشان امتیاز پاکستان کے لیے بے مثال خدمات کا تسلیم شدہ اعزاز ہے، شرجیل میمن

یہ اعزاز ہر اس پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے جو ملک کی عزت و وقار کو دنیا میں بلند دیکھنا چاہتا ہے، صوبائی وزیر

جمعرات 14 اگست 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نشانِ امتیاز، بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان کے لیے کی گئی بے مثال خدمات کا تسلیم شدہ اعزاز ہے، یہ اعزاز ہر اس پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے جو ملک کی عزت و وقار کو دنیا میں بلند دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جس انداز سے بھارت کو سفارتی میدان میں شکست دی اور مودی سرکار کی علاقائی غنڈہ گردی کو بے نقاب کیا، وہ قابلِ تحسین اور ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کی واضح اور بھرپور سفارتکاری نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنے قومی مفادات اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان کی سفارتی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے مقف کو عالمی فورمز پر جس جرات مندی، مدلل انداز اور بردباری سے پیش کیا وہ قابلِ فخر ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور دنیا کو ایک پرامن، ترقی پسند اور مثبت پاکستان سے روشناس کروایا، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا موقف نہ صرف سنا گیا بلکہ اسے مثبت انداز میں سراہا بھی گیا، اپنی نوجوان قیادت اور جدید سفارتی وژن کے ذریعے پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں چیئرمین بلاول بھٹو نے کلیدی کردار ادا کیا۔