مسجد کو شہید ،ہوٹلوں کو شراب فروخت کرنے کی اجازت، شرمناک ہے‘ جماعت اسلامی

شراب تمام مذاہب میں حرام ، بلاتفریق تمام پرمٹس کو منسوخ کیا جائے ‘ محمد جاوید قصوری

جمعہ 15 اگست 2025 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں مساجد کو شہید اور ہوٹلوں کو شراب فروخت کرنے کی اجازت تشویشناک ہے ،اسلامی جمہوریہ پاکستان جو کہ اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا وہاں مساجد کو غیر قانونی قرار دیکرشہید حکمرانوں اور اداروں کی نا اہلی کو منہ بولتا ثبوت ہے ، قوم سوال پوچھتی ہے کہ اسلام آباد جیسے شہیر میں،تعمیر کے وقت یہ ادارے کیوں سو رہے تھے ، شراب تمام مذاہب میں حرام ہے بلاتفریق شراب کے تمام پرمٹس کو منسوخ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اس لئے ضروری ہے کہ یہاں اسلامی قوانین کو نفاذ کیا جائے ، سیکولر ازم اور لبرل ازم کو آزما لیا گیا ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے تو نظام کو نافذ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان بنانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام ایک مکمل دین ہے۔ اسلامی قانون سازی کے وقت ہر شعبہ زندگی کو اسلامی نظام کے تحت ڈھالنے کے لئے قانون بنانا ضروری ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاشرت، سیاست، تعلیم، اقتصادیات، غرض ملک کے ہر شعبہ کو اسلامی احکام وہدایات کے مطابق چلانے کے لئے قانون سازی کی جائے۔ مغربی تہذیب و معاشرت کی بجائے اسلامی تہذیب و معاشرت کا رواج کو اختیار کرنا ہو گا ۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم مکمل تباہ ہو چکا ہے۔سرکاری محکموں میں رشوت، سود ی لین دین عام ہے۔ امریکی غلام حکمران ملک کے اسلامی نظریاتی تشخص کا دفاع کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ اقتدار کی کشمکش میں رسہ کشی جا ری ہے مفاد پرست سیاستدانوں نے قوم کو تقسیم در تقسیم کرکے ان کے ذہنوں میں زہر گھول دیا ہے۔اگر اب بھی درست راستے کو اختیار نہ کیا گیا تو ملکی حالات مزید ابتر ہو جائیں گے۔