معرکہ حق ہر ایک پاکستانی کی فتح ہے،خیبرپختونخوا کے عوام پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،جعلی لوگوں اور جعلی ایجنڈے والوں کی ناکامی ہوگی، امیرمقام

جمعہ 15 اگست 2025 15:38

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ معرکہ حق ہر ایک پاکستانی کی فتح ہے، خیبرپختونخوا کے عوام پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، جعلی لوگوں اور جعلی ایجنڈے والوں کی ناکامی ہوگی۔ جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) ہاؤس، سنگوٹہ، سوات میں جشن آزادی اور معرکہ حق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 75 سالوں میں ہندوستان کو جرات نہیں ہوئی کہ وہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی تبدیل کرے لیکن 2019 میں ان نااہل لوگوں کے دور حکومت میں کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر دی گئی، جس کے بعد ہم ہر سال یوم استحصال کشمیر مناتے ہیں، یوم استحصال کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کےلیے مناتے ہیں لیکن ان لوگوں نے اس کو کمزور بنانے کی کوشش کی، کل 14 اگست کے دن کو بھی ان لوگوں نے متنازعہ بنانے کی کوشش کی ،انہوں نے تخلیق پاکستان کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق ہر ایک پاکستانی کی فتح ہے، معرکہ حق کی فتح سے ہر ایک پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہوا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان لوگوں نے معرکہ حق کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے، جب اس دن کے منانے میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں اور اس کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے لنک کیا جائے اور اپنے ایجنڈے پر عمل کیا جائے تو یہ بہت افسوس کی بات ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور بطورِ ایک پاکستانی کے ہر کسی کو اس کی مذمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کے احتجاج بھی دیکھ لئے ہیں، ورکرز کو اکسا کر اسلام آباد لے جاتے ہیں، سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں، پھر ان کو بے یار و مددگار چھوڑ کر وہاں سے بھاگ جاتے ہیں، ہم نے دیکھا کہ آپ کے احتجاج اور عزم میں کتنا وزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور معرکہ حق کی کامیابی کا دن قوم کے ساتھ منانا چاہیے تھا پھر 15 یا 16 اگست کو آپ احتجاج کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پختون محب وطن ہیں، انہوں نے پاکستان کی آزادی کے وقت ریفرنڈم میں پاکستان کا ساتھ دیا اور آج بھی سب سے پہلے یہ لوگ پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ڈھال بنے ہوئے ہیں، یہ لوگ سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں، یہاں سوات میں شہادتوں کی ایک لمبی فہرست ہے، ہم نے پاکستانیت کا جذبہ قائم رکھا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا، یہاں کے لوگوں آئی ڈی پیز بنے، ہم نے یہ سب پاکستان کےلیے کیا اور ان شاءاللہ آئندہ بھی قربانیاں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آخر میں ان جعلی لوگوں اور ان جعلی ایجنڈے والوں کی ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے بروقت فیصلے کئے، فیلڈ مارشل ،بری و بحری افواج اور پاک فضائیہ کی لیڈر شپ اور ان کے تمام جوانوں کو داد پیش کرتا ہوں، سب نے مل کر ہر ایک پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا، لوگ پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم نے سفارتی سطح پر جو کامیابیاں حاصل کیں وہ بھی کم نہیں ، ہر ایک کو یہ ماننا پڑا کہ بلوچستان میں جو دہشتگردی ہو رہی ہے اس کے پیچھے بھی را اور انڈیا ہے۔