دنیا بھر کی طرح نیلم میں بھی کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا

جمعہ 15 اگست 2025 17:03

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) دنیا بھر کی طرح نیلم میں بھی کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اورضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھ مقام سے لاری اڈہ تک ریلی نکالی گئی۔ یوم سیاہ 15 اگست کی ریلی کی قیادت کنوینئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی کررہے تھے۔

شرکا ریلی نے بھارت کے یوم آزادی پرسیاہ پرچم اٹھائے اور سیاہ پٹیاں بازوں پر باندھ کر بھارت کےخلاف نعرہ بازی کی۔شرکا نےمودی کی تصویر اور بھارت کا ترنگا احتجاجی ریلی میں نظر آتش کرتے ہوئے عہد کیا کہ کشمیرکی آزادی تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب سے کنوینئر آل پارٹیزحریت کانفرنس غلام محمد صفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی شکست ہوئی ، جس دن بھارت اپنی آزادی کاجشن مناتاہے وہ کشمیریوں کے لیے غلامی، جبر، تسلط اور مظلوم کی سیاہ گھڑی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری 15اگست یوم آزادی بھارت کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر آزادی چاہتے ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپناپیدائشی حق مانگ رہے ہیں۔آج بھی کشمیری بھارت کایوم آزادی یوم سیاہ کے طورپرمنا رہے ہیں۔ افواج پاکستان نے جس بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو چند لمحوں میں دھول چٹائی وہ دن دور نہیں جب کشمیر مکمل طور پر پاکستان کاحصہ بنے گا۔

پاکستان وکشمیر کابچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑاہے۔ بھارت جموں و کشمیر پر قابض ہے اقوام عالم کشمیریوں کوحق خوداردیت دلوانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ کشمیرکی آزادی کے لیے کام کرنیوالوں کیساتھ اللہ کی نصرت موجود ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب جموں وکشمیرکے مظلوم بہن بھائیوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوگی۔ پاکستان کے مختلف صوبوں اور آزاد کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم سے احتجاج کرتے ہوئے اقوام عالم کو بھارت کے جموں و کشمیر میں جاری مظالم کوبند کروانے اور کشمیرسے قبضہ ختم کرنے کامطالبہ کرچکے ہیں۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیلم کے صدر بشارت میر ایڈووکیٹ، سیاسی وسماجی شخصیت عبدالشکور بانڈے، جماعت اسلامی کے امیر ساجد افغانی اور نمائندگان انجمن تاجران نے بھی خطاب کیا۔احتجاجی ریلی میں ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر عاصم ندیم، تحصیلدار آٹھ مقام بلال فاتح، صدر انجمن تاجران عبدالرشید اعوان، اساتذہ کرام، وکلاء، سول سوسائٹی بالخصوص حریت راہنماؤں سید منظور احمد شاہ، چوہدری شاہین اقبال سربراہ ڈیموکریٹک حریت فرنٹ، مشتاق السلام، سابق امیدوار اسمبلی عنایت علی قاسمی ایڈووکیٹ، تاجر راہنما شرافت ملک، تنویر اقبال، سابق امیدوار اسمبلی عبدالقیوم خان ودیگر نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی میں شرکا نے اس عزم کی تجدید عہد کیا کہ کشمیرکے مظلوم مسلمانوں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گئے۔شرکاء نے ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے دعائیں مانگیں۔