بھارت کو یومِ آزادی منانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں، سردار عتیق احمد خان

جمعہ 15 اگست 2025 19:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کو اپنا یومِ آزادی منانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں، کیونکہ اس نے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے فوجی طاقت کے بل پر کشمیری عوام اور ان کی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔

وہ یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 15 اگست کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، کیونکہ گزشتہ 75 سالوں سے بھارت نے کشمیریوں کا حقِ خودارادیت سلب کر رکھا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز چمیاٹی سردار وقاص واجد عباسی کے دیئے گئے عصرانہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام، اپنی آزادی تک، بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہیں اور آبادی کا تناسب زبردستی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت جبری طور پر کشمیری عوام پر اپنی مرضی نہیں تھوپ سکتا، اور ایشیا میں پائیدار ترقی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی نکلتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ایک جابر ملک ہے جس نے طاقت کے زور پر لوگوں کی آوازیں دبائی ہوئی ہیں۔ 15 اگست کو کشمیری عوام دنیا کو یہ پیغام دینے کے لیے احتجاج کرتے ہیں کہ وہ بھارتی فوجی طاقت کے سامنے اپنے بنیادی حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ شرمناک امر ہے کہ بھارت اپنی آزادی کا جشن تو مناتا ہے، لیکن اسی آزادی کے مطالبے پر کشمیریوں کو قتل کرتا ہے۔

بھارتی مسلح افواج نے گزشتہ 76 برسوں میں 5 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا، اس کے باوجود وہ مقبوضہ علاقے میں اپنا یومِ آزادی بے شرمی سے مناتے ہیں۔ نئی دہلی آج انگریزوں سے اپنی آزادی کا جشن مناتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے حقِ آزادی سے محروم رکھ رہا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے بتایا کہ بھارت نے اپنے یومِ آزادی پر مقبوضہ وادی کے ہر علاقے میں فوج، نیم فوجی دستے اور پولیس تعینات کی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

بھارتی تقریبات کے ہموار انعقاد کے لیے جاسوس ہیلی کاپٹر اور ڈرونز کی مدد سے کثیر سطحی نگرانی اور سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہدِ آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب انہیں آزادی کی نعمت نصیب ہو گی۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی یہ عزم ہر کشمیری کے دل میں زندہ ہے۔