۵ فیصل آباد کی بزنس کیمونٹی نے آج یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابیوں کا جشن زبردست جوش و جذبے سے منایا

جمعہ 15 اگست 2025 20:25

ً فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) فیصل آباد کی بزنس کیمونٹی نے آج یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابیوں کا جشن زبردست جوش و جذبے سے منایا۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ریحان نسیم بھراڑہ نے اس دو آتشہ تقریب کا آغاز سبز ہلالی پرچم لہرا کے کیا۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے پرجوش نعرے بھی لگائے گئے۔

صدر نے اپنی مختصر تقریر میں وطن عزیز کے قیام اور اس کے تحفظ کیلئے جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ معرکہ حق و باطل نے پاکستان کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے اس کامیابی پر چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشادمرزا، ایئر مارشل ظہیر بابر سدھواور پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو کامیابی سے وطن عزیز کا دفاع کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہندوستان نے اس مرتبہ بھی رات کے اندھیرے میں حملہ کیا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے نہ صرف اس حملے کو تحمل و بردباری سے ناکام بنایا بلکہ دنیا کو بتا دیا کہ جنگیں اسلحہ اور جہازوں سے نہیں قربانی کے جذبے سے جیتی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے کے بعد پورا پاکستان یکجان ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں نے آئی ٹی کے شعبہ میں بھی اپنی برتری ثابت کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے فون کر کے مجھے اس کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی یہی تبدیلی چاہتی تھی کہ دنیا میں پاکستان کی عزت ہو اور ہم عالمی برادری میں سر فخر سے بلند کرکے چل سکیں۔

انہوں نے پاکستانی معیشت ترقی اور تنزلی کے چکر میں پھنسی ہوئی تھی۔ اب حالات بہتر ہورہے ہیں اس لئے معیشت کو مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے بزنس کیمونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس یوم آزادی پر قوم کے ہر فرد کو کم از کم ایک پودا لگانا چاہیے تاکہ وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔ پرچم کشائی کے فوراً بعد چیمبر کے صد رریحان نسیم بھراڑہ نے سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ پودا لگایا۔

اس موقع پر علامتی واک ہوئی جبکہ کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں بچوں نے بھی شرکت کی جنہیں جشن آزادی کے حوالے سے چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے گفٹ دیئے۔ آخر میں حاجی محمد عابد نے پاکستان اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کامیابیوں کیلئے دعا کرائی۔ اس موقع پر سابق صدر رانا سکندر اعظم اور چوہدری محمد نواز کے علاوہ ایگزیکٹو ممبران حاجی محمد عطاء اللہ، جواد شفیق، محمد طیب، وحید خالق رامے، مرزا محمد افضل مغل، حاجی عبدالرؤف، محمد نوید، دیگر ممبران اور سٹاف بھی موجود تھا۔