بیلجیئم ، بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 16 اگست 2025 14:23

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) بھارتی یوم آزادی پر بیلجیئم کے دارلحکومت برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنےاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اس مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے کیا تھا ۔ مظاہرے کی قیادت کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے کی۔مظاہرے میں کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کے علاوہ کشمیر کاز سے ہمدردی رکھنے والوں اور سیاسی وسماجی تنظیموں کے نمائندوں نے ایک بڑی تعداد شرکت کی۔

مظاہرے میں شریک شخصیات میں علی رضا سید، سردار صدیق، چوہدری خالد جوشی، رائو مستجاب، ڈاکٹر منظور ظہور، ملک اجمل، شیراز بٹ، راجہ خالد، غیاث الدین بھٹی، سید اسلم شاہ، راجہ عبدالقیوم، شازیہ اسلم اور مہرندیم قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنمائوں یاسین ملک ،شبیراحمد شاہ ، انسانی حقوق کے عالمی شہرت یافتہ علمبردار خرم پرویز کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں ۔

مظاہرین نے تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے، وہ کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قابض ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی کررہا ہے ، قابض بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہی ہیں، مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لیناچاہیے۔

دیگر مقررین نے بھی اپنی تقاریر میں جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ کیا۔انہوں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں مظالم بند کروا کر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کردار ادا کرے۔