کمپنی ایکٹ کے تحت لیگل ایڈوائزر کی تعیناتی نہ کرنے کیخلاف درخواست ڈپٹی اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت

ہفتہ 16 اگست 2025 17:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے کمپنی ایکٹ کے تحت لیگل ایڈوائزر کی تعیناتی نہ کرنے کیخلاف درخواست ڈپٹی اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں کمپنی ایکٹ کے تحت لیگل ایڈوائزر کی تعیناتی نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سیکیورٹی ایکسچینج پاکستان نے جواب جمع کرایا نہ وکیل پیش ہوا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سیکیورٹی ایکسچینج کے رویئے پر برہم ہوگئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل خلیق احمد نے موقف دیا کہ رپورٹ کے مطابق تو 65 فیصد عملدرآمد ہوچکا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ انہیں بتائیں کہ عدالت کے آرڈرپر مکمل عمل کریں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ کمپنی ایکٹ کے تحت 3 سے زائد لیگل ایڈوائزرنہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کئی کمپنیوں میں تین سے زائد وکلا کو ایڈوائزربھی رکھا ہوا ہے۔

رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ کئی سینئر وکلا 10سے زائد کمپنیوں کے لیگل ایڈوائزر ہیں۔ بیرسٹر سرفراز میتلو نے موقف دیا کہ کمپنیاں قانون کے مطابق لیگل ایڈوائزر تعینات نہیں کر رہیں۔10 لاکھ کا کیپیٹل رکھنے والی کمپنی کیلئے لیگل ایڈوائزر رکھنا لازمی ہے۔ سیکیورٹی ایکسچینج پاکستان کو کمپنی ایکٹ پرعملدرآمد کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔