نارتھ کراچی میں معرکہء حق جشنِ آزادی فیسٹیول کا اختتام

ہفتہ 16 اگست 2025 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) پاک افریقہ اکنامک کونسل کے چیئرمین اور پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے سربراہ ڈاکٹر شہباز علی ملک نے کہاہے کہ پاکستان کی آزادی ہماری سب سے بڑی نعمت ہے، اور یہ دن ہمیں وطن کے لیے قربانی، حب الوطنی اور خدمت کا سبق دیتا ہے۔ موجودہ عالمی اور ملکی حالات میں ہمیں اپنی قومی یکجہتی، فکری بیداری اور نوجوان نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی تاکہ پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے قابل اور مضبوط رہے۔

اسی تقریب میں مہمانِ گرامی ڈائریکٹر جنرل کراسز مینجمنٹ یونٹ ڈاکٹر احمد علی سروہی نے کہا کہ آج کے پیچیدہ عالمی منظرنامے میں پاکستان کی ترقی، سلامتی اور اقتصادی استحکام کے لیے ہر فرد کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے قومی وسائل اور صلاحیتوں کو صحیح سمت میں استعمال کریں اور نئی نسل کو وطن کی حفاظت، خدمت اور قربانی کا درس دیں۔

یہ باتیں انہوں نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں الکریم ویلفیئر فاؤنڈیشن کے معرکہء حق جشنِ آزادی فیسٹیول کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔یہ محض ایک روایتی تقریب نہیں بلکہ نئی نسل میں حب الوطنی، فکری بیداری اور قومی اتحاد اجاگر کرنے کی سنجیدہ کوشش تھی۔تقریب میں دیگر مہمانان خصوصی میںہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی امیدوار برائے جنرل سیکریٹری فریدہ میندھرو، صدر روٹری کلب صدف جان، جے یو پی رہنما ملک شکیل قاسمی اور معروف سماجی رہنما سعید احمد بیگ شامل تھے۔

وکلاء، اساتذہ، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔تقریب میں ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلوز اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور عملی کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا جبکہ مہمانان کو اجرک، گلدستے اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

بانی و چیئرمین ملک عبدالناصر خلجی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان محض ایک ملک نہیں بلکہ اللہ کی عظیم نعمت ہے، جو بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔ یومِ آزادی ہمیں تجدیدِ عہد اور قومی ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔تقریب کے آخر میں شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی اور وطن سے اپنی غیر متزلزل محبت اور قومی اتحاد کا عزم دہرایا۔