کراچی: وکلا کا مارچ وزیراعلی ہاس پہنچنے پر حکومت سے مذاکرات کے بعد ختم

ہفتہ 16 اگست 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)کمرشل فارمنگ کے لیے زمین مختص کرنے، 6 کینالز کی تعمیر، پیکا ایکٹ اور وکلا کے قتل کے خلاف احتجاج کے لیے آل سندھ لائرز ایکشن کمیٹی نے سندھ ہائی کورٹ سے وزیر اعلی ہائوس تک مارچ حکومت سے مذاکرات کے بعد ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ، جنرل سیکرٹری رحمن کورائی، بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور وکلا کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں سندھ ہائی کورٹ سے وزیر اعلی ہائوس پہنچے ، ریلی میں حیدر آباد کے وکلا بھی شریک تھے۔

وکلا کے مارچ کی اطلاع ملنے پر وزیر اعلی ہائوس جانے والا راستہ کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، پی آئی ڈی سی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، وکلا کنٹینر عبور کرکے وزیر اعلی ہائوس جانے کی کوشش کرتے رہے۔ترجمان سندھ حکومت اور میئر کراچی مرتضی وہاب اور کمشنر کراچی نے وکلا سے ملاقات کی، حکومتی وفد سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔