پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مریم نشاط کالونی مکینوں کیلئے نئے ٹیوب ویل کی تنصیب کا اعلان

اتوار 17 اگست 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکن ایڈون سہوترا سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے مریم نشاط کالونی لاہور کے مکینوں کے لیے نئے ٹیوب ویل کی تنصیب کا اعلان کر دیا۔ترجمان کے مطابق اتوارکو سجن چوک مریم نشاط کالونی میں منعقدہ تقریب میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی ،جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی، رفیق چوہدری، احسن رضوی، فرحت یاسمین، ذیشان شامی، حسن اشرف بھٹی اور منشا وقاص سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے کہا کہ مریم نشاط کالونی کے رہائشی خوش قسمت ہیں کہ ان کے حقوق کے لیے ہمیشہ ایڈون سہوترا آواز بلند کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو کے فنڈز سے 5 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب ہونے والا یہ ٹیوب ویل رواں ماہ مکمل کر دیا جائے گا، بلاول بھٹو نے اپنے خصوصی فنڈ سے تین کروڑ روپے کا ٹیوب ویل اور سوا دو کروڑ روپے کی پائپ لائن کی منظوری دی ہے،آئندہ مرحلے میں تین واٹر فلٹریشن پلانٹ اور دو کروڑ روپے کی لاگت سے پیچ ورک بھی مکمل کروایا جائے گا، جسے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے تعاون سے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اہل ملتان نے بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ہے اور میں نے ملتان کنٹونمنٹ کے لیے 200 ملین روپے کے فنڈز منظور کروائے ہیں۔ علی قاسم گیلانی نے بتایا کہ قائداعظم کی اقلیتوں سے متعلق تقاریر کو قومی نصاب میں شامل کروانے کے لیے پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوید جیوا کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کروائی گئی ہے۔اس موقع پر سید حسن مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عام آدمی اور اقلیتوں کی جماعت رہی ہے، لاہور میں خصوصا ًمریم نشاط کالونی سے پیپلز پارٹی کو بڑی تعداد میں ووٹ ملتے ہیں اور ہم یہاں کے عوام کے شکر گزار ہیں۔

ایڈون سہوترا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کے لیے اور اہل علاقہ کے لیے نہایت خوشی کا دن ہے، چیئرمین بلاول بھٹو، سید حسن مرتضی اور علی قاسم گیلانی کا خصوصی شکرگزار ہوں۔تقریب کے میزبان ایڈون سہوترا نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ ان کی صاحبزادی مائرہ پطرس نے چیئرمین بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا۔