Live Updates

ْ قدرتی آفات انسانوں کے لیے اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہوتی ہیں،کاشف سعید شیخ

سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ یونٹ روانگی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے امیرجماعت اسلامی سندھ کاخطاب

اتوار 17 اگست 2025 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہاہے کہ قدرتی آفات انسانوں کے لیے اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہوتی ہیں۔ الخدمت نام ہے رنگ ونسل اورپارٹی وابستگی سے بالاترہوکر دیانت وامانت کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کا ،امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان پہلے قومی رہنما ہیں جو اپنی ٹیم کے ساتھ پیربابا بونیرسمیت سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے دکھی خاندانوں کی دلجوئی کی ہے۔

یہ بات انہوں نے لاڑکانہ میں بونیر،سوات سمیت خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ افراد کی طبی امداد کے سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع لاڑکانہ کا ہیلتھ یونٹ مقامی ڈاکٹر، پیرامیڈیکل ٹیم بمع ادویات لاڑکانہ سے روانگی کے موقعہ پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر نے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ضروری ہدایات دی جبکہ سوات بونیر اور دیگر آفت زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کی بحالی زخمیوں کی صحتیابی اورمرحومین کی مغفرت کے لئے خصوصی دعاکی گئی۔

اس موقع پرالخدمت سندھ کے ذمے دارا حاجی یونس، امیر ضلع لاڑکانہ ایڈووکیٹ نادر علی کھوسہ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمد یعقوب منصوری، قیم ضلع ذیشان عابد چانڈیو، مقامی امیر رمیز راجہ شیخ، نائب صدر الخدمت حفیظ الرحمان، یونٹ انچارج بابر علی دایو اور دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات