Live Updates

ایک ہی بارش کے بعد کراچی پھر سے ڈوب گیا

بارش کے دوران آدھے شہر کی بجلی اور انٹرنیٹ بھی بند ہو گیا

muhammad ali محمد علی منگل 19 اگست 2025 19:12

ایک ہی بارش کے بعد کراچی پھر سے ڈوب گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست2025ء) ایک ہی بارش کے بعد کراچی پھر سے ڈوب گیا، بارش کے دوران آدھے شہر کی بجلی اور انٹرنیٹ بھی بند ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مون سون کے طاقتور سسٹم سے کراچی میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی، جس کے سبب مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے سے شہر کی بیشتر شاہراہیں اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

بتایا گیا ہے کہ گلشن معمار، واٹر پمپ، عائشہ منزل، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن ،گرومندر، لسبیلہ، صدر اور لیاقت آباد اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی، نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے سبب شہر کی مرکزی سڑکوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں پانی جمع ہوگیا، گلشن حدید میں موسلادھار بارش سے گلیاں زیر آب آگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حسن سکوائر، نیپا چورنگی، ضیاء کالونی، گلشن شمیم، لیاقت آباد 10 نمبر، جیل چورنگی، کارساز، کورنگی اور ایکسپریس وے سمیت متعدد مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے سبب ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، بارش کے باعث سندھ ہائیکورٹ کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں اور سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ شیڈ گرگیا، شیڈ کے نیچے پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 470 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی بند ہوگئی جس سے شہر کا 50 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا کیوں کہ کراچی کو 2100 میں سے صرف 1300 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری ہے، جس کی وجہ سے بلدیہ، بن قاسم، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، اورنگی، سرجانی، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، شاہ فیصل، گلبہار، گولیمار، نصرت بھٹو کالونی، پی ای سی ایچ ایس، نارتھ کراچی اور یوسف گوٹھ میں بجلی بند ہوگئی جب کہ نیو کراچی، گلستان جوہر، بن قاسم، نارتھ ناظم آباد، پیپلزکالونی، اورنگی، میٹروول، سائٹ، لانڈھی اور پاک کالونی کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔

صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کے دوران محتاط رہیں۔ جبکہ سندھ حکومت نے بارشوں کے باعث کل کراچی میں سکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کل کراچی میں نجی اور سرکاری سکول بند رہیں گے،کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، سڑکوں پر پانی موجود ہے، کچھ وقت لگے گا اور پانی نکل جائے گا۔شہریوں کی پریشانی کا احساس ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات