بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے، حریت کانفرنس

بدھ 20 اگست 2025 17:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپا نے کے لئے عالمی برادری کو علاقے کی زمینی صورتحال کے بارے میںگمراہ کر رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت فوجی طاقت اور ہندوتوا پر مبنی آر ایس ایس کے ایجنڈے کے ذریعے جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار نہیں رکھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام امن اور سیاسی انصاف کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے نہ صرف کشمیریوں کو آزادی ملے گی بلکہ علاقائی اقتصادی استحکام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے میڈیا پر پابندیوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو بزورطاقت دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں اپنے اقدامات پر تنقید کرنے والی ہر آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگست 2019میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعدسنسر شپ اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے اورصحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور یہاں تک کہ عام شہریوں کو بھی سوشل میڈیا پوسٹس پر گرفتارکیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹویٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر کشمیریوں کو مسلسل سینسر کیا جارہاہے،بھارتی ایجنسیاں فون ریکارڈ کرتی ہیں، لوگوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جاتی ہے اور میڈیا کو زمینی حقائق کی رپورٹنگ سے روکا جارہا ہے۔

ترجمان نے کشمیری عوام اور سیاسی جماعتوں کے درمیان وسیع تر اتحاد پر زور دیا تاکہ وہ حق خود ارادیت کے اپنے جائز مطالبے کو اجتماعی طور پر آگے بڑھاسکیں۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کو ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے 1947سے بھارتی قبضے کے خلاف پرامن جدوجہد میں کشمیریوں کی جانب سے دی گئی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کیا۔ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک مزاحمت بھارت کے جبری قبضے کے خاتمے اور پرامن طریقے سے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ایک جائز اور جمہوری جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی فوجی غیر ملکی قابض افواج ہیں اور انہیں علاقے سے نکلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بالآخر اپنا پیدائشی حق خود ارادیت حاصل کریں گے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیریوں کے جائز مطالبے کی حمایت کرے۔