ٌوفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی ایران کے صوبہ قٴْم کے گورنر اکبر بہنامجو سے اعلیٰ سطحی ملاقات

دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو تجارتی و زرعی تعاون میں ڈھالنے پر اتفاق

بدھ 20 اگست 2025 20:40

`قٴْم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)پاکستان کے وفاقی وزیر برائے زرعی امور رانا تنویر حسین نے ایران کے صوبہ قٴْم کے گورنر اکبر بہنامجو سے ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو تجارتی و زرعی تعاون میں ڈھالنے پر اتفاق کیا گیا۔رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زرعی شعبہ غذائی تحفظ اور معاشی تعلقات کی بنیاد بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کے چاول، آم، مکئی اور حلال گوشت کی فراہمی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جو دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔پاکستانی وزیر نے مزید کہا کہ "ایران کی زعفران، پستہ اور خشک میوہ جات کی مہارت دونوں ملکوں کے لیے سودمند ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک نے کسٹم اور ایس پی ایس پروٹوکولز کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا، تاکہ تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

رانا تنویر حسین نے تجارتی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے کولڈ چین اور ویئر ہاؤسنگ جیسے شعبوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ "ایران پاکستانی زرعی برآمدات پر انحصار میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ایران اپنی چاول کی درآمدات کا بڑا حصہ پاکستان سے کرے گا۔"مزید برآں، وزیر نے کہا کہ آم کی برآمدات سے متعلق اجازت ناموں اور زر مبادلہ کے مسائل جلد حل ہوں گے، اور ایران مکئی اور گوشت کی بڑی مقدار میں پاکستان سے درآمد کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ایران کے لیے گوشت کا تقریباً 60 فیصد بنیادی سپلائر ہو گا۔رانا تنویر حسین نے اختتام پر کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زرعی تعاون پائیدار شراکت داری کا نیا دور لائے گا، اور عوامی و ادارہ جاتی سطح پر روابط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گی