پاکستان اور چین کا باہمی تعاون بڑھانے اور ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

ہماری سٹریٹجک شراکت داری مضبوط اور تعاون بڑھ رہا ہے، ملاقات میں سی پیک فیز ٹو، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا؛ وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 14:40

پاکستان اور چین کا باہمی تعاون بڑھانے اور ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) پاکستان اور چین نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر سطح پر تعاون بڑھانے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔ نائب وزیرِاعظم اسحٰق ڈار نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے وزیرِ خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کے ساتھ چھٹے اسٹریٹیجک مذاکرات کے دوران مفید اور بامقصد بات چیت ہوئی، آج کی ملاقات میرے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ مجھے اپنے عزیز بھائی اور دوست کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہنے کا موقع ملا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں، دونوں ممالک خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے، ملاقات میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین پر بھی گفتگو ہوئی، سی پیک فیز ٹو، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا، پاکستان اور چین سلامتی کونسل سمیت مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے متعدد پہلوؤں پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سی پیک دوسرے فیز، تجارتی اور اقتصادی تعلقات، کثیر الجہتی تعاون اور عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں، ہماری سٹریٹجک شراکت داری مضبوط اور تعاون بڑھ رہا ہے، پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ بیجنگ کے منتظر ہیں۔