Live Updates

تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا

بہت عرصہ بعد عدالتوں سے ریلیف ملا،ہمارے بیانئے کی جیت ہوئی، صرف القادر ٹرسٹ کیس رہ گیا‘سلمان راجہ ودیگرکی پریس کانفرنس

جمعرات 21 اگست 2025 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے بانی عمران خان کو سپریم کورٹ سے ملنے والے ریلیف کوخوش آئندقرار دیا ہے، تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ آج قوم کے لیے خوشی کا دن ہے، بہت عرصے بعد عدالتوں سے ریلیف ملا،آج ہمارے بیانئے کی جیت ہوئی، اب صرف القادر ٹرسٹ کیس رہ گیاہے، اس میں بھی جلد ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا۔

سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 9 مئی کو لے کر پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنایا گیا، آج عدالت کے سامنے جو گواہی پیش کی گئی وہ ہمیشہ ہر کیس میں پیش کی گئی، ان کیسز میں 10،10 سال سزا ہوئی اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کو مسترد کیا گیا۔

(جاری ہے)

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بہت عرصہ بعد ہمیں ہوا کا جھونکا ملا ہے، عدلیہ کی آزاد حیثیت کے ساتھ ہیں، جب بھی موقع ملا 26 ویں آئینی ترمیم کو ختم کردیں گے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان سالوں سے پابند سلاسل ہیں، اس کیس کی اہمیت اسی وقت ختم ہوگئی تھی جب سپریم کورٹ نے سنیٹر اعجاز چوہدری اور حافظ فرحت کی ضمانت منظور کی تھی۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر سے اعجاز چوہدری کی ضمانت کا ذکر کیا، پراسیکیوٹر کے پاس کوئی جواب نہیں تھا جس پر سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کر لی۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ زمان پارک اور چکری پر ایک ہی بندے نے سب دیکھا اور گواہی دی، 8 مقدمات میں سے 5 میں بانی پی ٹی آئی کا نام ہی نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات