مریم نواز کے دورہ جاپان میں سب سے نمایاں پہلو ان کی انتھک محنت ہے،شیخ قیصرمحمود

جمعرات 21 اگست 2025 21:29

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق جنرل سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور شیخ قیصر محمود نے کہا کہ مریم نواز شریف پاکستان کی وہ واحد قومی رہنما ہیں جو جاپان کی ترقی کے راز کو سمجھنے کی سنجیدہ کوشش کر رہی ہیں۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ اگر جاپان کی ترقی کے پچاس فیصد اصول بھی پنجاب میں نافذ کر دیے جائیں تو پنجاب تیزی سے ترقی میں جاپان کے برابر آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کے حالیہ دورہ جاپان میں سب سے نمایاں پہلو ان کی انتھک محنت ہے۔ شیخ قیصر محمود نے کہا وہ روزانہ 14 سے 16 گھنٹے ملاقاتوں، معائنوں اور مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہیں، جس نے جاپانی حکومت اور عوام کو بے حد متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات جاپانی میڈیا میں بھی نمایاں ہوئی ہے کہ ایک خاتون رہنما کس طرح جاپان کے ترقیاتی ماڈل سے براہِ راست سیکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ٹریفک منیجمنٹ اور ماحولیاتی تحفظ میں جدت کی ہے۔ میری خواہش ہے کہ مریم نواز جاپانی ٹیکنالوجی اور تجربے سے استفادہ کریں تاکہ لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں ٹریفک اور آلودگی کے مسائل حل ہو سکیں۔ اگر ہم جاپان کا ماڈل اپنائیں تو چند ہی برسوں میں ہمارے شہروں کا نقشہ بدل سکتا ہے۔شیخ قیصر محمود نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور ان کی کوششوں سے نہ صرف پاک جاپان تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی اپنے وطن کے لیے نئی امیدیں ملیں گی۔