ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کا کردار اہم ہی: گورنر پنجاب

سیاحت کا فروغ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے ٌپاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے، سردار سلیم حیدر خان کی گفتگو

جمعرات 21 اگست 2025 19:45

ذ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ پاکستان میں ہوٹل اور ریستوراں کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کا کردار اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں برین ڈیزائنر پاکستان کے زیر اہتمام انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان میں ہوٹل اور ریسٹورنٹ کا شعبہ بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے، حکومت کی تھوڑی سی توجہ سے اسے مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی حسن سے نوازا ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ خوراک اور سیاحت کا گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو سی ای او برین ڈیزائنر راجہ رؤف جیسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو سیاحت اور فوڈ انڈسٹری کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اتحاد کی طاقت سے بھارت کو مارکہ حق میں شکست دی ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے لیکن اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سستی بجلی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ تاجر برادری کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب کی موجودہ صورتحال میں عوام شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بونیر اور گلگت سمیت شمالی علاقوں میں شدید نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں لوگوں کے گھر، املاک، مویشی اور قیمتی سامان بہہ گیا۔ سیلاب متاثرین اس وقت امداد کے منتظر ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک فوج، پی ڈی ایم اے اور حکومت سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ اس مشکل اور مشکل وقت میں سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کریں۔