چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا ازبکستان کا سرکاری دورہ، علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مزید تعاون کے مشترکہ عزم پر زور

جمعرات 21 اگست 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی)جنرل ساحر شمشاد مرزا، این آئی، این آئی (ایم) نے ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مزید تعاون کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیاہے۔جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق سی جے سی ایس سی نے ازبکستان کے سرکاری دورے کے دوران صدر ازبکستان شوکت مرزییوئیف،وزیر دفاع میجر جنرل شکرت خولمخمیدوف اور سیکرٹری قومی سلامتی کونسل لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف سے ملاقاتیں کیں۔

بات چیت میں باہمی دلچسپی کے امور پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی اور سلامتی کے ماحول کا احاطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں، سڑک اور ریل رابطے اور تعاون کے دیگر پہلوئوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون کو وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔ چیئرمین جے سی ایس سی نے ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے گہرے اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مزید تعاون کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیا۔ازبکستان کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔