خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

جمعرات 21 اگست 2025 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 23 سے 26 اگست تک شدید بارشوں، فلیش فلڈ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہواؤں کے مضبوط سلسلے کے ساتھ مغربی ہواؤں کا بھی داخلہ متوقع ہے جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

چترال، سوات، دیر، کوہستان، ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور ویلی، ضم اضلاع، جنوبی اضلاع اور ڈیرہ اسماعیل خان ممکنہ طور پر متاثر ہوسکتے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی، پشاور، نوشہرہ، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اربن فلڈ جبکہ ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی صفائی، ریسکیو اداروں کی پیشگی تعیناتی، ضروری اشیاء کا ذخیرہ اور اگاہی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی اور سیلابی علاقوں کا سفر نہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کے ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں، جو چوبیس گھنٹے فعال ہے۔