ایم اے جناح روڈ پر واقع پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے معاملے کی انکوائری کی جائے گی، وقار مہدی

زخمیوں میں زیادہ تر مزدور طبقہ اور آفس ورکرز ہیں، زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں، معاون خصوصی وزیراعلیٰ

جمعرات 21 اگست 2025 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) وزیراعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم و پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے معاملے کی انکوائری کی جائے گی اور ذمیداران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں واقعے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئی کیا۔

سینیٹر وقار مہدی کو ٹراما سینٹر کے ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر صابر میمن نے زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع پٹاخوں کی گودام میں دھماکہ واقعے کے 14 زخمی ٹراما سینٹر لائے گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں زیادہ تر مزدور طبقہ اور آفس ورکرز ہیں۔

انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سینیٹر وقارمہدی کا کہنا تھا کہ معاملے کی انکوائری کی جائے گی کہ کس نے بلڈنگ میں پٹاخوں کا گودام قائم کرنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمیداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔