پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا نے عملی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے، رہنما پی پی پی سید سلیم شاہ

جمعہ 22 اگست 2025 12:53

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) پیپلزپارٹی ایبٹ آباد کے رہنمائوں سید سلیم شاہ اور ملک فاروق اعوان نے کہا ہے کہ پی پی پی خیبر پختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا نے عملی خدمت اور جدوجہد کی نئی مثال قائم کی ہے، پارٹی کی بنیاد ہمیشہ عوامی خدمت، قربانی اور جدوجہد پر رہی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے محروم طبقات کو آواز دی، شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی خاطر جان قربان کی اور آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہی روایات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

جمعے کو یہاں ایک بیان میں سید سلیم شاہ، ملک فاروق اعوان اور دیگر نے کہا کہ سید محمد علی شاہ باچا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا بارہا دورہ کر چکے، متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں شریک ہوئے، ان کے حوصلے بلند کئے اور امدادی سامان و مالی معاونت فراہم کی، یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ایک عزم ہے، یہی حقیقت ہے کہ کئی برسوں بعد کسی صوبائی صدر نے اس طرح پورے صوبے میں حکمران جماعت کے خلاف عوامی سرگرمیوں کا آغاز کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ سید محمد علی شاہ باچا نے ڈویژن سے ڈویژن تک مہمات شروع کر کے یہ واضح کر دیا کہ پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا میں ایک متحرک اور فعال قوت ہے، ان کی یہ کاوشیں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور پارٹی کے موقف کو عام کرنے میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ رہنما ئوں نے کہا کہ صوبائی صدر نے ضلعی سطح پر پارٹی کو منظم کرنے کا سلسلہ شروع کیا، اگرچہ یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا لیکن ان کی عملی کوششوں نے کارکنوں میں نئی جان ڈال دی اور تنظیمی ڈھانچہ مضبوط بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صرف عوامی سیاست ہی نہیں بلکہ ادارہ جاتی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید محمد علی شاہ باچا کی قیادت میں پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا ایک بار پھر عوامی امیدوں کا مرکز بنتی جا رہی ہے، وہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ رہے ، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں، معاشی بحران یا حکومتی ناانصافیاں، یہی وجہ ہے کہ انہیں بجا طور پر خادمِ پختونخواکہا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کارکنان کےلئے سب سے بڑا تقاضا یہی ہے کہ وہ متحد ہو کر اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کریں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کےلئے سید محمد علی شاہ باچا کی رہنمائی میں اس عوامی کارواں کو مزید آگے بڑھائیں، یہی پیپلز پارٹی کی اصل پہچان، یہی اس کی طاقت اور یہی اس کی سیاست کی بنیاد ہے۔