ٹرمپ انتظامیہ کا قانونی دستاویزات رکھنے والے ساڑھے پانچ کروڑ سے زیادہ تارکین وطن کے خلاف کاروائیوں کا اعلان

گرین کارڈ ‘سٹوڈنٹ ویزا‘ایکسچینج پروگرام سمیت کئی شعبوں میں ورک پرمٹ سمیت دیگر قانونی دستاویزات والوں کوملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا . رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 22 اگست 2025 14:34

ٹرمپ انتظامیہ کا قانونی دستاویزات رکھنے والے ساڑھے پانچ کروڑ سے زیادہ ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اگست ۔2025 )ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد ایسے افراد کے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے جن کے پاس امریکہ کے کارآمد ویزے ہیں اس کا مقصد کسی بھی ایسی خلاف ورزی کا پتہ چلانا ہے جس کے نتیجے میں انہیں ملک بدر کیا جا سکتا ہے.

(جاری ہے)

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ان کی انتظامیہ نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹ اور وزیٹر ایکسچینج ویزا رکھنے والوں کو ملک بدر کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے تازہ کارروائی ان غیر ملکیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے کریک ڈاﺅن کا حصہ ہے جنہیں امریکہ میں رہنے کی اجازت ہے نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کے تمام ویزا ہولڈرز، جن میں کئی ممالک کے سیاح بھی شامل ہو سکتے ہیں مسلسل جانچ پڑتال سے گزرتے ہیں تاکہ کسی بھی ایسے پہلو پر نظر رکھی جا سکے جس سے وہ امریکہ میں داخلے یا قیام کے لیے نااہل قرار پا سکتے ہوں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر ایسی کوئی معلومات ملتی ہیں تو ویزا منسوخ کر دیا جائے گا اور اگر ویزا ہولڈر امریکہ میں موجود ہوا تو اسے ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا.

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے نئے بیان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مسلسل جانچ پڑتال کا عمل جسے حکام وقت طلب کام تسلیم کرتے ہیں کہیں زیادہ وسیع ہے اور اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ جن لوگوں کو امریکہ میں رہنے کی منظوری دی گئی ہے ان کو دی گئی اجازت بھی اچانک منسوخ کی جا سکتی ہیں دفتر خارجہ کے مطابق ہم اپنی جانچ پڑتال کے حصے کے طور پر تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیتے ہیں جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ریکارڈ، امیگریشن ریکارڈز یا ویزا جاری ہونے کے بعد سامنے آنے والی کوئی بھی ایسی دوسری معلومات شامل ہیں جس سے ممکنہ نااہلی کا اشارہ ملتا ہو.

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق گذشتہ سال ایک کروڑ 28 لاکھ گرین کارڈ ہولڈرز اور 36 لاکھ افراد امریکہ میں عارضی ویزوں پر موجود تھے مائیگریشن پالیسی انسٹی ٹیوٹ میں امریکی امیگریشن پالیسی پروگرام کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر جولیا گیلاٹ نے کہا کہ ساڑھے پانچ کروڑ کا ہندسہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ نظر ثانی کا سامنا کرنے والے کچھ لوگ اس وقت ملٹی پل سیاحتی ویزوں کے ساتھ امریکہ سے باہر ہوں گے انہوں نے ان لوگوں پر وسائل خرچ کرنے کی قیمت پر سوال اٹھایا جو شاید کبھی امریکہ واپس نہ آ سکیں.

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے” ایکس“ پر پوسٹ میں کہا کہ امریکہ کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کو ورک ویزے جاری کرنا بھی بند کر دے گا انہوں نے بتایا کہ یہ تبدیلی فوری طور پر نافذ ہو گئی ہے روبیو کا کہنا تھا کہ امریکی سڑکوں پر بڑے ٹریکٹر ٹریلر ٹرک چلانے والے غیر ملکی ڈرائیوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد امریکیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور امریکی ٹرک ڈرائیوروں کے روزگار کو متاثر کر رہی ہے گذشتہ مہینوں میں ٹرمپ انتظامیہ نے یہ شرط نافذ کرنے کے اقدامات کیے ہیں کہ ٹرک ڈرائیور انگریزی بول اور پڑھ سکیں ٹرانسپورٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ اس کا مقصد سڑکوں کی سکیورٹی بہتر بنانا ہے خاص طور پر ان واقعات کے بعد جن میں ڈرائیوروں کی سائن بورڈ پڑھنے یا انگریزی بولنے کی صلاحیت میں کمزوری ٹریفک حادثات کا باعث بنی.