وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی بنگلہ دیش کے مشیر برائے خوراک سے ملاقات، فوڈ سکیورٹی اور زرعی شعبے میں باہمی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال

جمعہ 22 اگست 2025 17:48

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی بنگلہ دیش کے مشیر برائے خوراک   سے ملاقات، ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے خوراک علی امام مجمدار سے ڈھاکہ میں ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور زرعی شعبے میں باہمی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں ممالک نے جنوری 2025ء میں پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن اور بنگلہ دیش ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فوڈ کے درمیان ہونے والے چاول کی تجارت کے معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کے تحت پاکستان نے کامیابی کے ساتھ 50 ہزار میٹرک ٹن چاول فراہم کیے۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ معاہدہ حکومتی اور کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلوں کے لیے راستہ ہموار کرے گا تاکہ ضروری اشیاء کی تجارت میں اضافہ ہو سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نومبر 2025ء میں کراچی میں ہونے والی تیسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش بنگلہ دیشی کاروباری حضرات اور حکام کو پاکستان کی زرعی استعداد کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔وزیر اور مشیر دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی فوڈ ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور جدید زرعی طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔