علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی اغواء کرلیا گیا

جمعہ 22 اگست 2025 21:07

علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی اغواء کرلیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء)علیمہ خان کے دوسرے شیر شاہ خان کو بھی دن دیہاڑے ریاستی جبر کے ذریعے اغوا کر لیا گیا ہے۔ گاڑی کو روک کر اس طرح اغوا کرنا اس ملک کے آئین، قانون اور انصاف کے جنازے کو ایک بار پھر سرِ عام نکالنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پوچھتی ہی: کہاں ہے آئین کہاں ہے قانون کہاں ہے انصاف یہ ظلم و بربریت اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ ہے، جہاں بنیادی انسانی حقوق، عدلیہ اور آئینی ضمانتیں سب ایک طاقتور مافیا کے پاؤں تلے کچلی جا رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید ترین مذمت کرتی ہے اور اعلان کرتی ہے کہ ہم کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ یہ قوم اب مزید غلامی اور جبر برداشت نہیں کرے گی۔ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کھلی جارحیت کا نوٹس لیں۔