سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

قابض اسرائیلی افواج نے فلسطین میں اسکولوں، ہسپتالوں، عبادت گاہوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا،سر دار ایاز صادق

جمعہ 22 اگست 2025 22:33

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری جارحیت اور نہتے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 60 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قابض اسرائیلی افواج نے فلسطین میں اسکولوں، ہسپتالوں، عبادت گاہوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا، جو انتہائی غیر انسانی اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ادویات، خوراک اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل روک دینا افسوسناک اور شرمناک عمل ہے جس کے باعث ہزاروں معصوم بچے اور بزرگ بھوک اور علاج معالجے کی سہولت نہ ملنے کے باعث اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے یہ مظالم انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں بچے یتیم اور بے سہارا ہو چکے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اسرائیل کو مزید مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں فوری جنگ بندی کے لئے عملی اقدامات کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ القدس شریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ہر عالمی اور علاقائی فورم پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی۔