بیرسٹر سیف کا وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے طنزیہ جملے کہنا بے شرمی اور بے احترامی کے زمرے میں آتا ہے، ارباب خضرحیات

جمعہ 22 اگست 2025 23:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضرحیات نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے حوالے سے پریس کانفرنس میں طنزیہ جملے کہنا بے شرمی اور بے احترامی کے زمرے میں آتا ہے۔ بیرسٹر سیف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے ارباب خضرحیات نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کی وزیر اعلی ہیں اور غیر ملکی دورے پر جانے کے لئے انہیں خیبر پختونخوا حکومت سے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی سیلاب پنجاب میں آیا ہے کہ وزیر اعلی اپنا سرکاری دورہ چھوڑ کر وطن واپس آ جاتیں، سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کرنا اور سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے جس میں وہ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے حوالے سے بھی اپنی پریس کانفرنس میں الزام تراشی کرنا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت، پاک فوج اور پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے اور وفاقی حکومت کے درجن بھر وفاقی وزراء اور پوری سرکاری مشینری بحالی کے کاموں میں مصروف ہے جبکہ صوبائی حکومت کہیں بھی نظر نہیں آ رہی ، خیبرپختونخوا حکومت صرف بیانات کی حد تک محدود ہے۔