Live Updates

ویمن ورلڈ کپ،بنگلورو پولیس کا این او سی دینے سے انکار، میچز نیو ممبئی منتقل

جمعہ 22 اگست 2025 23:04

دبئی /ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے 8 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا۔کرک ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کی شیڈول میں تبدیلیاں اس وقت ضروری ہوئیں جب کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی ای) کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں میچز کی میزبانی کے لیے پولیس نے این او سی دینے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ 4 جون کو رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کے بعد جشن منانے کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعے کے پیش نظر پولیس نے کلیرئنس دینے سے انکار کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق نیو ممبئی سے قبل بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ترواننت پورم کو بنگلورو کا متبادل وینیو بنانے پر غور کیا تھا، اگرچہ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی ای) نے میزبانی پر آمادگی بھی ظاہر کی تھی، تاہم شہر سے دیگر مقامات کے لیے براہِ راست پروازوں کی کمی رکاؤٹ بن گئی۔

(جاری ہے)

نئے شیڈول کے تحت نیو ممبئی کا ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم، بنگلورو کی جگہ ویمن ون ڈے ورلڈ کپ کا چوتھے بھارتی وینیو کے طور پر میزبانی کرے گا۔30 ستمبر کو میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔نیو ممبئی 2 گروپ میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ (23 اکتوبر) اور بنگلہ دیش (26 اکتوبر) شامل ہیں، اس کے علاوہ سری لنکا بمقابلہ بنگلہ دیش کا میچ (جو پہلے 20 اکتوبر کو کولمبو میں کھیلا جانا تھا) وہ بھی نیو ممبئی شفٹ کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کا 30 اکتوبر کو شیڈول دوسرا سیمی فائنل بھی اسی میدان میں کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 2 نومبر کو بھی یہیں کھیلا جا سکتا ہے، بشرطیکہ پاکستان فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرے۔اس کے علاوہ 11 اکتوبر کو شیڈول سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ میچ گوہاٹی سے کولمبو منتقل کیا گیا ہے، اسی طرح 10 اکتوبر کا بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ وشاکھا پٹنم سے گوہاٹی منتقل ہوا ہے، جبکہ 26 اکتوبر کو انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ کا دن کا واحد میچ گوہاٹی سے وشاکھا پٹنم شفٹ کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جون میں جب آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا تو بنگلورو کو میزبان وینیوز میں شامل کیا گیا تھا، اس کے ساتھ ہی شہر میں ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ، 30 اکتوبر کا سیمی فائنل اور 2 نومبر کا فائنل (اگر پاکستان کوالیفائی نہ کری) بھی ہونا تھا۔میچز کی منتقلی کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے بڑا دھچکا ہے، جو پولیس، بنگلورو کے شہری انتظامیہ اور بجلی کے محکمے کے ساتھ مختلف مسائل میں الجھا ہوا ہے، بجلی کے محکمے نے فائر سیفٹی قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے اسٹیڈیم کی بجلی بھی کاٹ دی۔

بھگدڑ کے بعد ریاستی حکومت نے فرنچائز اور کے ایس سی اے کو ہجوم کی بدانتظامی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک رکنی کمیٹی تشکیل دی۔کمیٹی نے بعد میں اسٹیڈیم کو غیر محفوظ قرار دیا، اس کے بعد سے پولیس نے کے ایس سی اے کو چناسوامی اسٹیڈیم میں میچز کرانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات