سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی،بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کابڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

ہفتہ 23 اگست 2025 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔یہ بات ہفتہ کے روز ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں عمیر، سجاد، عبید اور شکیل شامل ہیں، ان کا تعلق "را" سے نکلاہے۔انہوں نے کہا کہ بدین کے 45سالہ عبدالرحمن کے قتل کی تحقیقات سے" را "نیٹ ورک کا سراغ لگا،عبدالرحمان کی 18مئی کو ٹارگٹ کلنگ کی گئی تھی۔ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات سی ٹی ڈی کو منتقل کی گئی ،تحقیقات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا کردار واضح طور پر سامنے آیا،را کی مالی اور لاجسٹک مدد سے دہشت گرد نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے لیے را کا سیف ہائوس قائم تھا جبکہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی بیرون ملک میں کی گئی تھی ۔را ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف فوجی نے خلیجی ریاست میں کام کرنے والے پاکستانی سلمان اور ارسلان کو ایجنٹ بنایاسلمان نے عمیر، سجاد، عبید اور شکیل پر مشتمل ٹارگٹ کلرز گینگ بنایا، "را" نے دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگز کے لیے خطیر رقم فراہم کی، را کی طرف سے فنڈنگ کے لیے رقوم بنکنگ ترسیلات کے ذریعے ہوئیں۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں بم دھماکوں اور دہشت گردی میں را کے ملوث ہونے کے شواہدسامنے آئے ہیں۔را کے گرفتار ٹارگٹ کلرزکے قبضے سے ایک بم ،اسلحہ میں 9ایم ایم پستول، 30بور پستول اور125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی نے انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔گرفتار ملزمان نے را کے لوکل ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا اعتراف کیاہے جبکہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے بھی ثابت ہواہے ۔گرفتار ملزمان نے کراچی میں دہشت گردی کے مختلف منصوبوں سمیت پاکستان میں قتل کے لیے بھارتی فنڈنگ کا اعتراف بھی کرلیاہے جبکہ ملزمان نے "را "کی پشت پناہی میں قتل کے لیے رقوم وصول کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔