صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس، ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

ہفتہ 23 اگست 2025 22:27

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس، ممکنہ طوفانی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بھی شرکت کی اور ویڈیو لنک کے ذریعے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، اجلاس میں ممکنہ طوفانی بارشوں، فلیش فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

کمشنر ڈی جی خان ڈویژن، کمشنر ساہیوال ڈویژن، کمشنر ملتان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ضلع قصور، ڈپٹی کمشنر ضلع اوکاڑہ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مون سون کے آٹھویں سپیل کیلئے تیاریوں کا جائزہ اجلاس بلایا گیا ہے، متاثرہ علاقہ جات میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے، متاثرہ علاقہ جات میں آبادیوں کو متبادل محفوظ مقامات پر با حفاظت منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر میں دریاوں میں پانی کے بہاو کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔متاثرہ علاقہ جات میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں ، دریائے راوی اور دریائے ستلج کے پاٹ میں قائم آبادیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبے بھر کے کمشنرز، ڈی سیز اور متعلقہ محکمہ جات کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقہ جات میں شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہیں ۔بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع دریاں میں پانی چھوڑنا افسوس ناک ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہاکہ دریاوں کے پاٹ میں موجود آبادیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔دریاوں کے اطراف دفعہ 144 کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ ندی نالوں کے اطراف آبادیوں کو ممکنہ خطرے کی پیش نظر آگاہی فراہم کر رہے ہیں ۔ خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہریوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔