موروثی نظام کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے اب عوام کو خود فیصلہ کرنا ہوگا، محمد طاہر کھوکھر

ْہماری منزل ایک باوقار بااختیار اور خوشحال کشمیر ہے اور اس کے لیے ہمیں سسٹم کو بدلنا ہوگا

جمعرات 28 اگست 2025 14:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام دہائیوں سے سیاسی معاشی اور سماجی محرومیوں کا شکار چلے آ رہے ہیں ان کے بنیادی حقوق کو تسلسل کے ساتھ نظر انداز کیا گیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ عوام خود آگے بڑھ کر ان محرومیوں کا ازالہ کریںجب تک عوام ووٹ کی طاقت سے نظام کو تبدیل نہیں کرتے ریاست میں حقیقی تبدیلی محض ایک خواب ہی رہے گی۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام باشعور محبِ وطن اور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کو کبھی بھی فیصلہ سازی میں شامل نہیں کیا گیا ریاست کو ہمیشہ مخصوص طبقے نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا جس کے باعث عام شہری کی حالت آج بھی جوں کی توں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاہم آزاد کشمیر کے عوام اور نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں پاسبان وطن کے پلیٹ فارم سے جڑیں آئینی دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں اور اپنی ریاست کو ایک جدید فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ اس وقت ریاستی اسمبلی اور سیاست پر موروثی اور خاندانی سیاست کا قبضہ ہے جہاں قیادت صرف خاندانوں میں منتقل ہوتی ہے عوام کو صرف ووٹ دینے تک محدود رکھا گیا ہے ایسی جمہوریت جہاں عوام کی آواز نہ سنی جائے صرف ایک دھوکہ ہے اگر ہم واقعی تبدیلی چاہتے ہیں، تو ہمیں اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاسبان وطن ایک ایسا سیاسی پلیٹ فارم ہے جو نہ صرف عوام کے مسائل کو اجاگر کرے گا بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی کرے گا نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اس جدوجہد کا حصہ بنیں اور فیصلہ سازی میں اپنا کردار ادا کریںنوجوانوں کو محض نعرے لگانے سے آگے بڑھ کر اب پالیسیاں بنانے میں شامل ہونا ہوگا ہمیں نئی سوچ نیا وژن اور نئی قیادت درکار ہے جو ریاست کے حقیقی مسائل کو سمجھے اور حل کرے موجودہ فرسودہ نظام نے نہ صرف ریاستی اداروں کو کمزور کیا بلکہ عوام کو بھی نسل در نسل یرغمال بنا کر رکھا اس نظام نے لوگوں کو صرف ووٹ دینے کی حد تک استعمال کیالیکن ان کے بنیادی مسائل کو کبھی سنجیدگی سے حل نہیں کیا گیایہ وہ نظام ہے جو عام آدمی کے خوابوں کا قاتل ہے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے سوچنا ہوگا اگر آج ہم خاموش رہے تو کل ہمیں اپنے بچوں کو کوئی جواب نہیں دے سکیں گے ریاستی عوام سے اپیل کرتے ہیں وہ اب مزید ان چہرہ بدلو مگر نظام وہی رکھنے والے سیاست دانوں کے دھوکے میں نہ آئیںوقت آ گیا ہے کہ عوام اپنی تقدیر کے فیصلے خود کریںہمیں اس روایتی سیاست سے نکل کر ایک نیا سیاسی اور سماجی معاہدہ تشکیل دینا ہوگا پاسبان وطن ہر اس آواز کے ساتھ کھڑی ہوگی جو انصاف، مساوات، اور شفافیت پر یقین رکھتی ہوہماری منزل ایک باوقار بااختیار اور خوشحال کشمیر ہے اور اس کے لیے ہمیں سسٹم کو بدلنا ہوگا ووٹ کو طاقت دینا ہوگی اور عوام کو ان کا اصل مقام واپس دلانا ہوگا