Live Updates

بھارتی فوجیوں نے دو کشمیری نوجوان شہید کردیئے

بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت کو مضبوط کرنے کیلئے ڈرونز تعینات کررہا ہے

جمعرات 28 اگست 2025 21:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع بانڈی پورہ میں 2اور کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے گریز میں نوشہرہ ناڈ کے قریب محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے ہری پریگام میںثاقب ریاض نامی ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی فورسز نے اہم سڑکوں پر اضافی چوکیاں قائم کر دی ہیں جہاں گاڑیوں اورمسافروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں موسلادھار بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کے دوران کشمیری نوجوانوں کو شہید اور گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شدیدبارشوں اور سیلاب سے اب تک مقبوضہ علاقے میں 40سے زائد افراد جاں بحق جبکہ بڑی تعداد میں مکانات تباہ ہونے سے سینکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ جموں-پٹھانکوٹ اور سرینگر-جموں شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مسلسل بند ہیں جبکہ جموں میں دریائے توی پر پل بہہ جانے سے علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور امدادی سرگرمیوں میں خلل پڑ رہا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بابائے حریت سید علی گیلانی کو انکے یوم شہادت کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدعلی گیلانی کی اسلام اور کشمیر کاز سے تاحیات وابستگی ہر کشمیری کو بھارتی ظلم وجبر کے خلاف ثابت قدم رہنے کی تحریک دیتی رہے گی ۔ سید علی گیلانی نے یکم ستمبر 2021کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ پربھارتی پولیس کی حراست میں جام شہادت نوش کیا جہاں وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے مسلسل نظر بند تھے ۔

مقبوضہ کشمیرمیں شدید سیلابوں سے بڑے پیمانے پر تباہی کے باوجودبھارت مقبوضہ علاقے پر اپنی فوجی گرفت مزید مضبوط کررہا ہے ۔بھارتی پولیس کو شہروں اور دیہات کی نگرانی بڑھانے کیلئے جدید ڈرونز فراہم کئے جائیں گے۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے کہاہے کہ ان اقدامات کا مقصد سکیورٹی نہیں بلکہ عام شہریوں کو دہشت زدہ کرنا ، سیاسی اختلاف کو دبانا اورمقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کرنا ہے ۔دریں اثنا، ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کا ایک حوالدار پراسرار طورپر مردہ پایا گیاہے، جس سے مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی قابض افواج میں پراسرار ہلاکتوں کی فہرست میں مزید اضافہ ہو گیاہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات