Live Updates

کراچی کی بدترین صورتحال، عوامی مسائل کی ذمہ دارپیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ہے،منعم ظفر خان

’’حقوق کراچی مارچ‘‘ عوام کے حقوق کے حصول کی جدو جہد کو مزید تیز اور مسائل کے حل کا پیش خیمہ ثابت ہو گا،نرسری کیمپ پر خطاب قابض میئر دھمکیاں نہ دیں ، تنخواہیں دیں ،3دن میں عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو بھر پور احتجاج کریں گے 31اگست،حقوق کراچی مارچ کی تیاریاں تیز ی سے جاری ، شہر بھر میں کیمپ قائم، احتجاجی مظاہرے اور ہزاروں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے

جمعہ 29 اگست 2025 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پورے سندھ بالخصوص کراچی کی بدترین صورتحال اور عوامی مسائل کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے ، پیپلز پارٹی عوام کو ان کا حق دینے کے لیے تیار نہیں ، ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ شہر کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدو جہد کو مزید تیز اور مسائل کے حل کے لیے پیش خیمہ ثابت ہو گا ، قابض میئر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں ، وہ سن لیں کہ یہ دھمکیاں کسی صورت قبول نہیں کریں گے ، 3دن کے اندر اگر ڈاکٹروں و ہائوس آفیسرز کی تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کریں گے ، عباسی شہید ہسپتال کے ایم سی کے ماتحت ہے ، قابض میئر بتائیں گزشتہ 42ماہ سے وہ کیا کر رہے ہیں ہسپتال کی حالت کیوں بہتر نہیں ہوئی ہسپتال میں پانی اور ادویات میسر نہیں اور مریض باہر سے دوائیاں لینے پر مجبور ہیں ، ہائوس آفیسر کی تعداد 75نہیں 250ہے اور ڈاکٹرچار ماہ سے اپنی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مین نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل پر اتوار 31اگست کو 3بجے دن پریس کلب تا وزیر اعلیٰ ہائوس تک ہونے والے ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔منعم ظفر خان نے مارچ میں شرکت کی دعوت کے لیے شہریوں میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے ، دریں اثناء ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ، جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران شہر بھر میں بڑے پیمانے پرعوامی رابطہ مہم چلا رہے ہیں ، جمعہ کو نماز کے بعد مساجد کے باہر ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے جبکہ درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے ، شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا کر احتجاج کیا اور سندھ حکومت و قابض میئر کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف اور اہل کراچی کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے نعرے لگائے ۔

علاوہ ازیں شہر کی بڑی شاہرائوں ، چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر کیمپ بھی لگا دیئے گئے ہیں جو ہفتہ کو بھی لگے رہیں گے ، کیمپوں سے عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے ، کیمپوں پر کارکنوں اور نوجوانوں کے اندر زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ۔ عوام کی جانب سے ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ اور اس کے مطالبات کو بھر پور طریقے سے سراہا جا رہا ہے ، منعم ظفر خان نے نرسری کیمپ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء و مشیر اور قابض میئر کراچی کو عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ، حکومتی سرپرستی میں کرپشن اور قبضہ مافیا کا دھندا چل رہا ہے ، عوام کے لیے پانی ، باعزت ٹرانسپورٹ میسر نہیں ، کے فورمنصوبے کے لیے 40ارب روپے درکار تھے مگر صرف 3.2ارب روپے رکھے گئے ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ ہیں وہ بتائیں کہ کراچی کے پانی کے منصوبے کے لیے مطلوبہ رقم کیوں نہیں رکھی گئی قابض میئر عوام کو جواب دیں کہ جہانگیر روڈ ہر سال بنتی اور ٹوٹ جاتی ہے آخر کیوں کریم آباد انڈر پاس جو دو سال میں مکمل ہونا تھا ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا ریڈ لائین پروجیکٹ عوام کے لیے عذاب بنا ہوا ہے ، یہ کب مکمل ہو گا کراچی نے ایک سال میں 3256ارب روپے ٹیکس ادا کیا ہے لیکن یہاں کے شہریوں کو ان کا جائز اور قانونی حق کیوں نہیں دیا جارہا منعم ظفر خان نے کہا کہ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی سے شدید پریشان ہیں اور سندھ اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں 200فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے ، اس اضافے کی حمایت کرنے والی تمام پارٹیاں بتائیں اس فیصلے سے عوام کی کون سی خدمت کی گئی ہے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی ، جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے اور ظلم کے نظام کے خلاف جدو جہد ، اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی ۔

نرسری کیمپ پر نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری کراچی یونس بارائی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، قائم مقام امیر ضلع قائدین ظہور احمد جدون،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری نجیب ایوبی، اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد ودیگر بھی موجود تھے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات