جامعہ کراچی کی زمین پر قبضہ تعلیمی اداروں کی خودمختاری پر حملہ ہے، اراکین اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان

کے ڈی اے کی جانب سے جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے کی کوشش پر ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکینِ اسمبلی کا شدید تشویش کا اظہار

ہفتہ 30 اگست 2025 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین اسمبلی نے کے ڈی اے کی جانب سے جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے کی کوشش پر ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکینِ اسمبلی کا شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔حق پرست اراکین اسمبلی نے جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے کی مبینہ کوشش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے تعلیم دشمن اور غیر قانونی اقدام قرار دیا ہے۔

اراکینِ اسمبلی نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی شہرِ قائد کا علمی، تہذیبی اور روحانی اثاثہ ہے، اور اس کی زمین پر قبضے کی کوشش ناقابلِ برداشت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کے روز کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) کے افسران اور پولیس کی موجودگی میں جامعہ کراچی کے گیٹ نمبر ایک کے سامنے واقع اراضی پر قبضے کی کوشش کی گئی، جسے جامعہ کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے بروقت مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

اراکینِ اسمبلی نے کہا کہ ہم ان طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے بغیر کسی خوف کے مزاحمت کی اور جامعہ کراچی کی عزت و وقار کا دفاع کیا یہ مزاحمت اہلِ کراچی کے شعور اور مادرِ علمی سے وابستگی کا ثبوت ہے۔حق پرست اراکین اسمبلی نے بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں تو یہ نہ صرف تعلیمی ماحول کو متاثر کریں گی بلکہ شہریوں کے اعتماد کو بھی مجروح کریں گی۔

حق پرست اراکینِ اسمبلی نے حکومتِ سندھ، گورنر سندھ اور اعلی عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ جامعہ کراچی کی اراضی پر کسی بھی قسم کی تجاوزات یا قبضے کی کوشش کو فوری طور پر روکا جائے ، KDA کے متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جامعہ کراچی کی زمین کو مستقل تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے -