صدرِ پاکستان نے گڈانی شپ بریکنگ کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کر دیا، میر علی حسن زہری

اتوار 31 اگست 2025 16:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹیوز بلوچستان، میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنی انتخابی مہم کے دوران گڈانی شپ بریکنگ صنعت کے حوالے سے جو وعدہ کیا تھا، وہ آج عملی صورت اختیار کر گیا ہے۔ گڈانی شپ بریکنگ اور ری سائیکلنگ کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے اور اسے فعال کرنے کا تاریخی فیصلہ صدرِ پاکستان کی وژنری قیادت اور وزیرِ اعظم شہباز شریف و نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی عملی دلچسپی کا نتیجہ ہے، جسے اکنامک کوآرڈی نیشن کمیٹی (ای سی سی) نے باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بلوچستان اور پاکستان کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

گڈانی شپ بریکنگ یارڈ، جو 2009 سے مکمل طور پر فعال نہیں تھا اب دوبارہ اپنی اصل استعداد کے ساتھ کام شروع کرے گا۔ماضی میں یہ صنعت جدید سہولیات کی کمی، ماحولیاتی مسائل اور مزدوروں کے تحفظ کے چیلنجز کا شکار رہی لیکن ہماری انتھک جدوجہد اور اعلیٰ قیادت کی دلچسپی کے باعث اب اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل شروع ہو رہا ہے۔

اس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ صدرِ پاکستان کے خصوصی اقدام کی بدولت گڈانی اور حب کے عوام کے لیے براہ راست اور بالواسطہ35 سے 40 ہزار نئی ملازمتوں کے دروازے کھلیں گے۔اس موقع پر میر علی حسن زہری نے اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی بھرپور دلچسپی اور عملی کردار قابل ستائش ہے ۔

میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدرِ پاکستان نے اپنے وعدے کے مطابق مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ اس صنعت سے وابستہ مزدوروں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کے بچوں کی تعلیم کے لیے اسکول قائم ہوں گے اور تربیت کے جدید مواقع دستیاب ہوں گے۔ یہ تمام اقدامات نہ صرف مزدوروں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ بلوچستان کو خوشحالی اور استحکام کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ دنیا کا تیسرا بڑا شپ ری سائیکلنگ مرکز ہے جو قومی معیشت کو سالانہ اربوں روپے کا ریونیو فراہم کرے گا۔ اس صنعت کی ماڈرنائزیشن کے تحت شپ یارڈز کو ”گرین یارڈز“ میں تبدیل کیا جائے گا، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جائے گا اور خطرناک فضلے کے محفوظ تصرف کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔ یہ پورا منصوبہ بین الاقوامی ماحولیاتی اور سکیورٹی اصولوں کے مطابق ’’ہانگ کانگ کنونشن‘‘ کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ شپ ری سائیکلنگ کے عالمی معیار پر پورا اترا جا سکے۔

میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے حب کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا ہے اور گڈانی شپ بریکنگ اور ری سائیکلنگ کی صنعت کی بحالی اس دعوے کی عملی مثال ہے۔ ہم تمام شپ بریکروں کو سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ سنہری موقع ہے کہ وہ صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم کی سرپرستی میں اس صنعت میں سرمایہ کاری کر کے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں۔ میر علی حسن زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ گڈانی (حب) کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ یہ منصوبہ بلوچستان کو خوشحالی، استحکام اور ترقی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کرے گا اور پاکستان کو محفوظ و ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ کے عالمی معیار کے قریب لے جائے گا۔