Live Updates

سندھ اسمبلی کی رکن رومہ مشتاق مٹو کاڈسٹرکٹ ویسٹ منا رٹی ونگ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیے گئے امدادی کیمپ کا دورہ

اتوار 31 اگست 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)سندھ اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور، رومہ مشتاق مٹو نے اتوار ڈسٹرکٹ ویسٹ منا رٹی ونگ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیے گئے امدادی کیمپ کا دورہ کیا۔اس موقع پر مقامی کمیونٹی نے انہیں پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا۔ رومہ مشتاق مٹو نے کہا کہ"یہ کیمپ صرف ایک امدادی مرکز نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور محبت کی روشن مثال ہے۔

خدا کی بستی کے عوام نے اپنے جذبہِ ایثار اور انسان دوستی سے متاثرہ خاندانوں کے چہروں پر امید اور خوشی کی نئی کرن پیدا کی ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہی اصل انسانیت ہے۔ جن لوگوں نے اپنی مدد اور عطیات کے ذریعے سیلاب متاثرین کی دلجوئی کی، وہ لائقِ تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

رومہ مشتاق مٹو نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:"ہم سب کا فرض ہے کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہوں، ان کا درد بانٹیں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔رومہ مشتاق مٹو نے کمیونٹی کے جذبہ خیرات کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی ان کی نیک کوششوں اور خدمات کو قبول فرمائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت اور ریلیف کے ہر اقدام میں پیش پیش رہے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات