Live Updates

اتحادی سیاست ترک، دوسروں کے لیے اب اپنی توانائیاں ضائع نہیں کریں گے‘ حافظ نعیم الرحمن

ظلم کے گلے سڑے نظام کی جگہ اسلام کا عادلانہ نظام لائیں گے‘امیر جماعت اسلامی کا اجتماع ارکان سے خطاب

اتوار 31 اگست 2025 20:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طاغوتی قوتوں کا ظلم عیاں ہو چکا، طاغوتی قوتوں کے خلاف ان کے اپنے عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ سیلاب غیروں کی سازشوں اور اپنوں کی عیاری و مفادات کے سبب بھی تباہی مچاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اسلام آباد کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے اسلام آباد کے امیر انجینئر نصراللہ رندھاوا، جنرل سیکریٹری زبیر صفدر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع ارکان میں مرد و خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک، ہمارے پیشںِ نظر دین اسلام کی اقامت ہے، ہم اقامت دین کو فرض عین سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ہی نہیں ہم عالمگیر اسلامی انقلاب چاہتے ہیں۔

دنیا کی طاغوتی قوتوں کا ظلم عیاں ہو چکا ہے، آج طاغوتی قوتوں کے خلاف خود ان کے اپنے عوام اٹھ کھڑے ہوئے۔ عالمی قوتوں کے دہرے معیار ہیں، اپنے عوام کے لیے انصاف کا نظام بناتی ہیں ،لیکن دنیا بھر میں ظلم کرتی ہیں، ظلم کا نظام اب تادیر نہیں چلے گا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی بے لوث ہو کر بلا کسی غرض کے عوام کی خدمت کرتی ہے۔

سیلاب غیروں کی سازشوں اور اپنوں کی عیاری و مفادات کے سبب بھی تباہی مچاتے ہیں۔ قوم کا بڑا حصہ در بدر ہوگیا، فصلیں تباہ اور املاک زمین بوس ہوگئیں۔سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کے لیے رہائشی سوسائٹیوں کے ناجائز اجازت نامے جاری کیے اور موجودہ حکمرانوں نے انھیں منسوخ نہ کرکے ثابت کیا کہ یہ سب عوام نہیں اپنے مفاد کے بندے ہیں، یہ رہنما نہیں قومی مجرم ہیں۔

مجرموں کا مقام ایوان اقتدار نہیں پھانسی گھاٹ ہونے چاہییں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیلابی مقامات پر متاثرین کی مدد کررہی ہے۔ نوجوانوں، بچے، بچیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار بنیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نومبر میں لاہور میں جماعت کا عظیم الشان اجتماع عام انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ اجتماع عام سے جماعت اسلامی ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ ابھرے گی۔

اجتماع سے واپس اپنے علاقوں میں جانے والے لوگ ظلم اور گلے سڑے نظام کے خلاف آواز بنیں گے۔ہم نے اتحادی سیاست ترک کردی اپنے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے مفاد کے لیے اب اپنی توانائیاں ضائع نہیں کریںگے۔ انھوں نے کہا کہ1958ء کے مارشل لاء کے بعد سے ملک میں کون سی جمہوری آزادیاں ہیں، سیاست کے نام پر خوشامدیوں اور نااہلوں کو قوم پر مسلط کرنے والے اپنی روش بدلیں اور کھلی آنکھوں سے دنیا کا جائزہ لیں کہ ظلم تادیر نہیں چلتا اور کوئی باز نہ آئے تو وہ بھی خس و خاشاک کی طرح بہہ جاتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات