بانڈی پورہ : بھارتی فوجیوں نے 28 اگست کو دو کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا،بھارت نے کالے قانون کے تحت فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے

اتوار 31 اگست 2025 22:50

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی ایک اور کارروائی میں 2 کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 28 اگست کو ضلع کے علاقے گریز میں نوشہرہ نارد کے قریب دو افراد بگو خان عرف سمندر چاچا اور انعام خان کو ایک فرضی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

یہ دونوں ضلع بانڈی پورہ کے رہائشی تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج اب اپنی ریاستی دہشت گردی کی اس کارروائی پر پردہ ڈالنے کیلئے بانڈی پورہ کے علاقے گریز میں دراندازی کی کوشش کا دعویٰ کر رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ یہ دونوں دراندازی کے دوران مارے گئے ہیں ۔مقامی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی مقابلوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بارہا آواز اٹھائی جاتی رہی ہیں۔حقوق کی تنظیمیں جعلی مقابلوںکی غیر جانبداران تحقیقات کا بھی مطالبہ کرتی رہی ہیںلیکن بے گناہ کشمیریوں کے خون کا پیاسا بھارت ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ اس نے کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے ذریعے فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنسس دے رکھا ہے۔