سی پیک فیز ٹو سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ، روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، قومی برآمدات کو فروغ ملے گا ،ڈاکٹرحسان داؤد بٹ

پیر 1 ستمبر 2025 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر، چائناسٹڈی سینٹر اور انرجی چائنا پاکستان کے سینئر مشیر ڈاکٹر حسان داؤد بٹ نے کہا ہے کہ سی پیک، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ، روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور قومی برآمدات کو فروغ ملے گا۔

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسان داؤد بٹ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی منصوبوں پر کام کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کی ترقی، سماجی و معاشی منصوبے اور ہائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت تیز رفتاری سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کا اجلاس اور بیجنگ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مصروفیات سی پیک فیز ٹو کے حوالے سے نہایت اہم ہیں۔

ان اقدامات سے پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت اشارے مل رہے ہیں اور توقع ہے کہ پاکستان خطے میں تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ڈاکٹر حسان داؤد بٹ نے مزید کہا کہ سی پیک کے جاری منصوبوں کے نتیجے میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ساز اداروں، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کو قریبی تعاون کے ذریعے سی پیک کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے تاکہ پاکستان اس میگا پراجیکٹ کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کر سکے۔