اسلام کا فلاحی نظام انسانیت کو اس کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، امیرجماعت اسلامی پنجاب

نبی اکرم ﷺکی بعثت کا مقصد ہی انسانیت کو ظلم کے اندھیروں سے نکال کرعدل و انصاف کی روشنی میں لانا تھا،ڈاکٹرطارق سلیم

پیر 1 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ اسلامی ریاستیں اور دو ارب مسلمان دنیا میں عزت سرفرازی چاہتے ہیں تو نظام مصطفی ﷺ کو برسر اقتدار لانے کے لیے دیانت دار لیڈر شپ کو منتخب کر یں تاکہ نظام مصطفی ﷺکا نفاذ یقینی بنایا جا سکے ، پاکستان میں 79سال سے بر اجمان جاگیر دار اور سرمایہ دار ٹولے نے عام آدمی کو بنیادی شہری حقوق سے محروم کردیا ہے ، وقت آگیاہے کہ پاکستان کے لوگ مافیاز کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جبر اور ظلم کے اس نظام کے خلاف پوری قوم کو اُٹھنا پرے گا ، ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا اسلام کا فلاحی نظام انسانیت کو اس کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے،نبی اکرم ﷺکی بعثت کا مقصد ہی انسانیت کو ظلم کے اندھیروں سے نکال کرعدل و انصاف کی روشنی میں لانا تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مر کزی تر بیت گا ہ کے شر کا ء سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاجماعت اسلامی کا نومبر میں عظیم الشان اجتماع عام ملک میں حقیقی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، جس سے عوام میں ایک نیا جوش و جذبہ ابھرے گا، اجتماع عام کے بعد لوگ ظلم اور گلے سڑے نظام کے خلاف آواز بنیں گے، جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیاں شہریوں کے مسائل کو حل کر نے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ، مسائل کے مارے عوام ان کمیٹیوں میں شامل ہو کر اپنے دکھوں اور تکالیف کا ازلہ کر سکتے ہیں،انھوں نے کہا حکومت نے پٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی پر بھاری ٹیکس لگا دئیے ہیں ، جبکہ شوگر مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔