Live Updates

ؔمرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے اعلی سطحی وفد کی ایرانی قونصل جنرل علی رضا رجائی سے انکی دعوت پر ملاقات

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ، بینکنگ اور تاجروں کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی گفت و شنید، تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 1 ستمبر 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے اعلی سطحی وفد کی کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل علی رضا رجائی سے انکی دعوت پر ایرانی قونصلیٹ میں ملاقات کی، دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ، بینکنگ اور تاجروں کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا، جنرل سیکرٹری پاکستان بزنس فورم حاجی محمد یوسف، حاجی امیر حمزہ خلجی، ملک ولی خان ناصر، صوبائی ترجمان کاشف حیدری، حاجی موسی جان سمیت دیگر رہنماں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے سے دونوں ملکوں کی معیشت مستحکم ہوگی اور عوام کو بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ تاجر برادری بارہا اس بات پر زور دیتی آئی ہے کہ سرحدی تجارت کو سہل اور شفاف بنایا جائے تاکہ دونوں طرف کے کاروباری طبقے سکون کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ بینکنگ روابط کا فقدان ہے جس کی وجہ سے تاجر غیر رسمی ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں تاجروں نے تفتان بارڈر پر باضابطہ بینک کے قیام کا مطالبہ کیا تاکہ تجارتی لین دین براہ راست بینکنگ چینل کے ذریعے ممکن ہو سکے۔

اسی طرح کرنسی ایکسچینج کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کی جانب سے ایک واضح اور قانونی نظام متعارف کرانا ضروری ہے تاکہ تاجر برادری کو غیر قانونی ذرائع سے نجات ملے اور کاروباری لین دین میں شفافیت قائم ہو۔ رہنماں نے کہا کہ بلوچستان کے تاجر ہمیشہ پاک ایران تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے آئے ہیں اور اگر سہولتیں فراہم کی جائیں تو یہ کردار مزید مثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ زمینی راستوں کی بہتری اور تجارتی ڈھانچے کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعاون بڑھاتے ہوئے تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں کیونکہ تجارتی روابط میں بہتری سے اعتماد بڑھے گا اور معیشت مستحکم ہوگی۔ رہنماں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون قائم کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ تجارتی و سماجی میدان میں بھی ترقی کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، مہنگائی اور دیگر مسائل نے کاروباری طبقے پر دبا بڑھا دیا ہے لیکن اس کے باوجود تاجر برادری مثبت کردار ادا کر رہی ہے، اب حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عملی اقدامات کریں اور تاجروں کے مسائل فوری طور پر حل کریں۔ تقریب میں سید منان آغا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیف الدین نثار، سید نسیم آغا، حاجی سعداللہ ترین، قسیم آغا، اشفاق خان، صلاح الدین، غلام جیلانی، سید یسین آغا، اسماعیل بازئی، عبدالودود، شاکر بازئی، بشیر سنجرانی اور حاجی سیف اللہ سمیت بڑی تعداد میں افراد شریک تھے۔

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات