پاکستان میں سوشل میڈیا کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ، انسٹاگرام سرفہرست

منگل 2 ستمبر 2025 22:58

پاکستان میں سوشل میڈیا کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ، انسٹاگرام سرفہرست
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) پاکستان میں سوشل میڈیا کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ انسٹاگرام صارفین میں ہوا ہے جہاں رواں سال صارفین کی تعداد 4 کروڑ 99 لاکھ تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے ایک کروڑ 73 لاکھ کے مقابلے میں 188 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

فیس بک کے استعمال میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 6 کروڑ 4 لاکھ سے بڑھ کر 10 کروڑ 16 لاکھ تک پہنچ گئی، جو 58 فیصد اضافہ ہے۔ اسی طرح یوٹیوب کے صارفین 34 فیصد اضافے کے ساتھ 7 کروڑ 17 لاکھ سے بڑھ کر 9 کروڑ 66 لاکھ ہو گئے ہیں۔پاکستان میں ٹک ٹاک بھی تیزی سے مقبول ہوا ہے، اس کے صارفین کی تعداد 5 کروڑ 44 لاکھ سے بڑھ کر 9 کروڑ 3 لاکھ ہو گئی، جو 66 فیصد اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 9 کروڑ 17 لاکھ، سنیپ چیٹ صارفین 7 کروڑ سے زائد جبکہ ایکس (ٹوئٹر) کے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 53 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے بڑھتے ہوئے استعمال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مقبولیت کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے اور آنے والے برسوں میں اس شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔