Live Updates

مودی اور امت شاہ کی جوڑی زوال کا شکار، بی جے پی سلطنت میں دراڑیں پڑنے لگیں

منگل 2 ستمبر 2025 21:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کی جوڑی کا زوال شروع ہوگیا ہے جبکہ ہندو انتہاپسند جماعت بی جے پی کی سلطنت میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ''دی وائر''نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ بی جے پی اندرونی طور پر شدید انتشار اور بغاوت کا شکار ہو گئی ہے اور آر ایس ایس نے بھی مودی سے منہ موڑ لیا ہے۔

اسی طرح بہار انتخابات بی جے پی کے لیے زندگی اور موت کا امتحان ثابت ہورہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مودی کی اقتدار پر گرفت مسلسل کمزور ہو رہی ہے اور بی جے پی 15ریاستوں میں حکومت کے باوجود عوامی حمایت تیزی سے کھو رہی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ مودی حکومت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹورریٹ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کو مخالفین کے خلاف سیاسی ہتھیار بنا دیا ہے اوروہ ان اداروں کوسیاسی مخالفین کو دبانے اور منتخب حکومتیں گرانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف انڈیا کو الیکشن کمیشن کی تقرری کمیٹی سے نکالنا مودی حکومت کا متنازعہ قدم تھا۔ ماضی کے کانگریس سسٹم کے برعکس مودی ایک خودمختار بی جے پی سسٹم قائم کرنے میں ناکام رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاشی ناکامیوں، سماجی تقسیم، بے روزگاری، مہنگائی اور سفارتی غلطیوں کی وجہ سے عوامی عدم اطمینان بڑھ رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ عہدوں پر مودی حکومت کے حامیوں کی اکثریت ہے جس سے آئینی خود مختاری کمزور ہوئی ہے۔

الیکشن کمیشن پر کنٹرول کے لیے قانون بدلا گیااور چیف جسٹس کی جگہ وزیر کو شامل کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ اہلکاروں کی تقرری میں حکومت کا کنٹرول آئینی خودمختاری کو نقصان پہنچا رہا ہے۔دی وائر کے مطابق چیف جسٹس کو الیکشن پینل سے ہٹانے کے بعد شفاف انتخابات پر عوامی اعتماد متزلزل ہوا ہے۔ مودی کے سوشل میڈیا حملوں کے باوجود راہول گاندھی عوام کے سامنے نئے جوش و جذبے کے ساتھ ابھرے ہیں۔

راہول گاندھی کی نشاندہی سے ایس آئی آر میں انتخابی بے ضابطگیاں منظر عام پر آئیں اور ان کی بھارت جوڑو یاترا نے عوام کو جوڑ دیا جس سے بی جے پی کے مضبوط قلعے ہلنے لگے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بہار کی شکست مودی حکومت کے زوال کا آغاز ثابت ہوگی۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں مودی کی بی جے پی 60 سے زائد سیٹیں ہار گئی تھی۔ مودی کا ''میک انڈیا گریٹ اگین'' کا نعرہ ناکام ثابت ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر بھارت کے اثرورسوخ میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام، چین،امریکا اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات شدید دبا ئوکا شکار ہیں۔مودی ماڈل کی ناکامی نے بھارت میں مہنگائی، بے روزگاری اور سماجی تقسیم کے مسائل کو اجاگر کیا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات