بنوں، ایف سی لائنز پر خودکش حملہ، 5 سیکیورٹی اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگرد مارے گئے

کلیئرنس کے عمل میں پاک فوج کے کمانڈوز نے حصہ لیا،لکی مروت میں 2 پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید

منگل 2 ستمبر 2025 21:20

بنوں /لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) بنوں میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی)کے 5 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے ایف سی لائن پر حملہ کردیا، بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرا کر دھماکا کردیا۔

دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے ایف سی لائن میں داخلے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا اور جوابی کارروائی میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔حملے کے فورا بعد پاک فوج نے مقامی بریگیڈ کمانڈر کی زیر نگرانی آپریشن کا آغاز کرکے دہشتگردوں کو ہلاک کیا، کلیئرنس کے عمل میں پاک فوج کے کمانڈوز نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایف سی 5 اہلکار زخمی ہوئے تھے جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

منگل کی صبح بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی)لائنز کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا، پولیس کے مطابق حملہ آور احاطے کے اندر داخل ہو گئے تھے، جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔ایف سی لائنز کے باہر موجود ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بتایا کہ آپریشن کی قیادت بنوں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کر رہے تھے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 5 دہشت گرد مارے گئے ۔ادھر، لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود مچن خیل اڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔گزشتہ چند ماہ میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول بنوں، پشاور، کرک، لکی مروت اور باجوڑ میں پولیس پر دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر جولائی میں بنوں میں پولیس کو متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ ماہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بنوں کے حوید اور وزیرآباد کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 14 دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کر کے ان کے ٹھکانے تباہ کیے تھے،3 اگست کو بھی بنوں میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں پولیس کانسٹیبل شہید اور تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔جولائی میں میر یان پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے ڈرون کے ذریعے حملہ کیا تھا جو ایک ماہ میں پانچویں بار اس تنصیب کو نشانہ بنایا گیا تھا۔