ہم نے درمیان کے اوورز میں بہت وکٹیں گنوائیں : سلمان آغا

معیاری سپنرز کے خلاف اگر آپ تھوڑا سا بھی موقع دیں گے تو وہ اسے لے لیں گے : ٹی ٹونٹی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 ستمبر 2025 11:21

ہم نے درمیان کے اوورز میں بہت وکٹیں گنوائیں : سلمان آغا
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2025ء )  پاکستان کے ٹی ٹونٹی کپتان سلمان علی آغا نے جاری سہ ملکی سیریز میں اپنی پہلی شکست کے بعد اپنی ٹیم کی کوتاہیوں کی عکاسی کی، منگل کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف پاکستان ٹیم کو 18 رنز سے شکست ہوئی۔ میچ کے بعد کی پریزنٹیشن سے خطاب کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ ہدف کے تعاقب میں ٹھوس آغاز کے باوجود پاکستان کی بیٹنگ اہم مراحل میں گر گئی۔

سلمان آغا نے کہا کہ میرے خیال میں 170 رنز کا تعاقب کیا جا سکتا تھا۔ باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ہم نے درمیانی اوورز میں بہت زیادہ وکٹیں گنوائیں۔ انہوں نے درمیانی مرحلے کے دوران پیچ کو سخت کرنے کا سہرا افغانستان کے اسپن اٹیک کو بھی دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ "معیاری اسپنرز کے خلاف اگر آپ تھوڑا سا بھی موقع دیں گے تو وہ اسے لے لیں گے۔

ہم اب بھی درمیان میں بہتر بیٹنگ کے ساتھ صرف 18 رنز سے ہار گئے، یہ ایک مختلف کہانی ہوسکتی تھی"۔ واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 170 کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

فخر زمان 25، کپتان سلمان آغا 20، صاحبزادہ فرحان 18، فہیم اشرف 14، محمد نواز 12، حسن نواز 9، محمد حارث 1 جبکہ صائم ایوب اور شاہین شاہ آفریدی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ سفیان مقیم 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی ، نور احمد، فضل حق فاروقی اور راشد خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور کیے۔

افغانستان کی جانب سے ابراہیم زادران 65 اور صدیق اللہ اٹل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ رحمان اللہ گربز 8، محمد نبی 6 اور عظمت اللہ عمرزئی 4 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔ کریم جنت اور کپتان راشد خان 8 اور 8رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب نے 1 وکٹ حاصل کی۔