پاکستان کیخلاف جیت اب افغانستان کیلئے سرپرائز نہیں ہوتی: رمیز راجہ

مجھے لگتا ہے کہ افغانستان کیخلاف پاکستان کو مینٹل بلاک ہونا شروع ہوگیا ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 ستمبر 2025 11:28

پاکستان کیخلاف جیت اب افغانستان کیلئے سرپرائز نہیں ہوتی: رمیز راجہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 ستمبر 2025ء ) پاکستان ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان ٹیم کی افغانستان کے ہاتھوں 18 رنز سے شکست پر پاکستان ٹیم پر سخت تنقید کی ہے ۔
63 سالہ رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ اب پاکستان کے خلاف جیت افغانستان کے لیے سرپرائز نہیں ہوتی کیونکہ افغانستان کی ٹیم جانتی ہے پاکستان ان کے خلاف پھنس جاتا ہے۔

 
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ افغان ٹیم میں کانفیڈنس ہے اور ان کو معلوم ہے کہ پاکستان ان کے خلاف پھنس جاتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کو مینٹل بلاک ہونا شروع ہوگیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر آرام سے رنز بن جانے چاہیے تھے مگر جس طرح پاکستانی بیٹرز آؤٹ ہوئے اس طرح میچز نہیں جیتے جاتے، بیٹرز کے غیر ذمہ دارانہ شاٹس پر آؤٹ ہوئے وہ سمجھ سے باہر تھے۔

(جاری ہے)

 
رمیز راجہ نے افغانستان کی بیٹنگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ افغان بیٹرز نے تحمل مزاجی سے بیٹنگ کی، افغانستان کی بیٹنگ دیکھیں تو کتنی تحمل مزاجی دکھائی دی۔ 
سابق کرکٹر نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب افغانستان چار مقابلے جیت چکا ہے جبکہ پاکستان نے صرف پانچ مقابلے جیتے ہیں جو پہلے بہت بڑا مارجن ہوتا تھا وہ اب بہت کم ہوتا جارہا ہے۔

 
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ 
شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 170 کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔ 
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان 25، کپتان سلمان آغا 20، صاحبزادہ فرحان 18، فہیم اشرف 14، محمد نواز 12، حسن نواز 9، محمد حارث 1 جبکہ صائم ایوب اور شاہین شاہ آفریدی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔

سفیان مقیم 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی ، نور احمد، فضل حق فاروقی اور راشد خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور کیے۔ 
افغانستان کی جانب سے ابراہیم زادران 65 اور صدیق اللہ اٹل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ رحمان اللہ گربز 8، محمد نبی 6 اور عظمت اللہ عمرزئی 4 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔ کریم جنت اور کپتان راشد خان 8 اور 8رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب نے 1 وکٹ حاصل کی۔