حارث رئوف نمبر 10 یا 11 کی پوزیشن پر ٹیم کیلئے بہترین سکور کرنیوالے پہلے پاکستان بیٹر بن گئے

پیسر نے افغانستان کیخلاف 4 چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 34 ناٹ آئوٹ رنز سکور کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 ستمبر 2025 11:55

حارث رئوف نمبر 10 یا 11 کی پوزیشن پر ٹیم کیلئے بہترین سکور کرنیوالے پہلے ..
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 ستمبر 2025ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حارث رئوف نمبر 10 یا 11 کی پوزیشن پر ٹیم کی جانب سے سب سے بہترین سکور کرنے والے پہلے پاکستان بیٹر بن گئے۔ 
منگل کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف پاکستان ٹیم کو 18 رنز سے شکست ہوئی۔ 
پوری بیٹنگ لائن اپ کی ناکامی کے بعد حارث رئوف نے 4 چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 34 ناٹ آئوٹ رنز سکور کیے ۔

 
حارث رؤف پہلے نمبر 10 یا نمبر 11 کے پاکستانی بلے باز بن گئے جنہوں نے ٹی ٹونٹی اننگز میں دیگر تمام بیٹرز سے زیادہ اسکور کیا ہے۔ 
یہ کسی بھی پاکستانی نمبر 10 یا 11 کے بیٹر کا ایک اننگز میں پاکستان کے لیے بہترین سکور ہے۔ 
اس سے قبل وہاب ریاض نے 2017ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 24 رنز سکور کیے تھے، سعید اجمل نے 2011ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 21 ناٹ آئوٹ، وہاب ریاض نے 2015ء میں انگلینڈ کیخلاف 21 اور سعید اجمل نے 2013ء میں سری لنکا کیخلاف 20 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

 
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 170 کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔ 
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان 25، کپتان سلمان آغا 20، صاحبزادہ فرحان 18، فہیم اشرف 14، محمد نواز 12، حسن نواز 9، محمد حارث 1 جبکہ صائم ایوب اور شاہین شاہ آفریدی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔

سفیان مقیم 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
افغانستان کی جانب سے محمد نبی ، نور احمد، فضل حق فاروقی اور راشد خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور کیے۔ 
افغانستان کی جانب سے ابراہیم زادران 65 اور صدیق اللہ اٹل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ رحمان اللہ گربز 8، محمد نبی 6 اور عظمت اللہ عمرزئی 4 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔ کریم جنت اور کپتان راشد خان 8 اور 8رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب نے 1 وکٹ حاصل کی۔