سید علی گیلانی کی قبر پر پہرہ جابر حکمرانوں کے خوف کی علامت ہے، مشتاق احمد بٹ

بدھ 3 ستمبر 2025 12:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی قبر پر پہرہ جابر حکمرانوں کے خوف کی علامت اور مزاحمت کی جیت ہے،سرینگر میں ان کے مزار پر خاموشی مسلط کر دی گئی لیکن بھارتی فوج کے پہرے بھی سید علی شاہ گیلانی کی گونجتی آواز کو دفن نہ کر سکے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دراصل اس خوف کا اظہار ہے جو دہلی کے ایوانوں میں آج بھی موجود ہے۔زندہ قوموں کے رہنما مٹی میں دفن ہو کر بھی سوچوں اوردلوں کی دھڑکنوں میں زندہ رہتے ہیں اور علی گیلانی انہی میں سے ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی قابض انتظامیہ جانتے ہیں کہ اگر عوام کو سالار حریت کی قبر تک رسائی ملتی تو کشمیری عوام مزار کے گرد لاکھوں کی تعداد میں جمع ہو کر آزادی کے نعرے لگاتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع ایک فاتحہ خوانی نہ ہوتا بلکہ ایک عہدِ وفا کا اعلان بنتا، جو تحریکِ آزادی کو نئی روح بخشتا۔ یہی وہ منظر ہے جس سے بھارتی حکومت خائف ہے۔علی گیلانی کی برسی پر اگر وادی میں جلوس نکلتا، نعرے بلند ہوتے اور پرچم لہرائے جاتے تو دنیا دیکھ لیتی کہ کشمیری آج بھی اپنی زمین پر قابض طاقت کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں۔ بھارت کو یہ خوف ہے کہ عالمی برادری کے سامنے اس کا جھوٹا بیانیہ اور مکروہ چہرہ مزید بے نقاب ہو جائے گا۔

اس لیے قبر کے اردگرد فوجی دیواریں کھڑی کر دی گئیں۔سید علی گیلانی ایک فرد نہیں، ایک عہد، ایک نظریہ،ایک فکر،ایک سوچ ،ایک انقلاب ایک استعارہ اور ایک دیدہ ور رہنما تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کا مزار کشمیری قوم کے لیے آستانہ حریت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔دہلی کو اندیشہ ہے کہ اگر عوام کو وہاں جانے دیا گیا تو یہ جگہ ایک نئے جوش اور ولولے کا سر چشمہ بن جائے گی، اور ہر سال یہ قبر ایک نیا عہدِ مزاحمت تخلیق کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے تحریک کشمیر کے ممتاز اور ہردلعزیز رہنما سید علی گیلانی کی قبر پر پہرہ بٹھا کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف کشمیریوں کی زندہ آواز سے خوفزدہ ہے بلکہ ان کے شہداء کی خاموشی سے بھی ڈرتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ گیلانی صاحب کی فکر اور جدوجہد آج بھی کشمیریوں کے لہو میں دوڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ پابندیاں اور زنجیریں نظریات کو قید نہیں کر سکتیں، بلکہ وہ انہیں مزید زندہ کر دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور قائدین کی بے مثال جدوجہد اور شہداء کا مقدس اور معصوم لہو ضرور رنگ لاۓ گا اور کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔