دہشت گردی کا مودی کا واویلا منافقت کے سوا کچھ نہیں، تجزیہ کار

پاکستان میں چینی شہریوں پر حملوں کے پیچھے بھارتی ایجنسیاں ہیں

بدھ 3 ستمبر 2025 14:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)تجزیہ کاروں اور سیاسی مبصرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان میں کڑی تنقید کی ہے جس میں انہوںنے بھارت اور چین کو دہشت گردی کے متاثرین کے طور پر پیش کیا ہے ۔ دہشت گردی کا مودی کا واویلا منافقت اور ڈھٹائی کی انتہا ہے کیوںکہ عالمی سطح پر کی جانے والی بھارتی دہشت گردی اب کوئی ڈھکا چھپا معاملہ نہیں رہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کو نشانہ بنا رہا ہے اور اربوں ڈالر کے اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لیے مہلک حملے کر رہا ہے۔ صرف 2021 کے بعد سے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں پر کم از کم 14 دہشت گردانہ حملے ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین نے کہا کہ یہ حملے مقامی عناصر کا کام نہیں ہیں بلکہ علاقائی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور پاک چین اسٹریٹجک تعاون کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارتی ایجنسیوں کی براہ راست سرپرستی میں ایک باقاعدہ منصوبہ بندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی دراصل دہشت گردی کے حوالے سے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیںاور حقیقت یہ ہے کہ بھارتی دہشت گردی سے کوئی محفوظ نہیں ، مودی کی دہشت گردی نے عالمی سطح پر بھی اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کا واویلا اسکے شیطانی عزائم پر ہرگز پردہ نہیں ڈال سکتا۔